لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پی سی بی گورننگ بورڈ کے معطل رکن کبیر احمد خان کی عدم دستیابی کی بنا پر قواعد وضوابط کی خلاف انکوائری کیس کی سماعت ملتوی ہو گئی، کیس کی سماعت کی نئی تاریخ کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں معطل ارکان گورننگ بورڈ کبیر احمد خان اور شاہ دوست کے خلاف انکوائری کے لیے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کو انکوائری افسر مقرر کر رکھا ہے جنہوں نے دونوں ارکان کو 9 مئی کو طلب کر رکھا تھا تاہم گذشتہ روز کیبر احمد خان کے وکیل کی جانب سے اپنے کبیر احمد خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھجوا دیا جس کے بعد کیس کی سماعت ملتوی کو ملتوی کر دیا گیا۔ کبیر احمد خان گذشتہ دو روز سے ٹائیفائڈ بخار میں مبتلا ہیں۔ ناسازی طبیعت کے باعث کبیر احمد خان انکوائری کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوسکتے۔ دوسری جانب شاہ دوست نے بھی وکیل کے ذریعے آج پیش ہونے سے معذرت کرلی۔ دونوں پی سی بی گورننگ بورڈ اراکین کی پیشی کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔