اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم کرونا سے لڑ رہے ہیں جبکہ ن لیگ عمران خان اور نیب پر برس رہی ہے۔ ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ ن لیگی قیادت آج اپنا بویا کاٹ رہی ہے‘ اگر آپ بے گناہ ہیں تو فکر کس بات کی؟ سوالوں کے جواب دے دیں۔ سیاست کو کاروبار کا ذریعہ بنانے والے عوام کو مزید گمراہ نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم کے فیصلوں کا محور پاکستان کے عوام‘ ان کی زندگیوں کا تحفظ اور سہولتوں کی فراہمی ہے۔ لمبی لمبی پریس کانفرنسیں اس امر کا ثبوت ہیں کہ آپ کے پاس کوئی قانونی دفاع نہیں۔