انسداد کورونا کے لیے پاک بحریہ کا جذبہ ٔ خیر سگالی اور آ گہی مہم

صوفیہ یزدانی
موجودہ ملکی صورتحال میں پاکستان کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے حالات کا بھرپور مقابلہ کر رہا ہے۔ اس ضمن میں پاک بحریہ بھی اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کورونا وائرس کے خلاف مربوط اقدامات کررہی ہے۔ اس تناظر میں پاک بحریہ نے کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔اس مخلصانہ کاوش میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کی۔ اس کے علاوہ وائس ایڈمرل سے کموڈور سطح کے افسران تین دن کی تنخواہ جبکہ باقی تمام افسران بشمول سویلین افسران دو دن کی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں جمع کروایں گے۔ اس کے علاوہ پاک بحریہ کے چیف پیٹی افسران، سیلرز اور سویلین عملہ بھی اپنی ایک دن کی تنخواہ اس فنڈ میں عطیہ کرے گا۔
پاک بحریہ نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ساحلی علاقوں اور ملک کے بیشتر شہروں میں راشن تقسیم کیا۔ جہاں پوری قوم کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے حالات کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہے وہاں پاک بحریہ لاک ڈاؤن کے سبب متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے میں کوشاں ہے۔ پاک بحریہ نے جذبہ خیر سگالی کے تحت گوادر ، پسنی، بن قاسم ، سومیانی ، شاہ بندر ، کیٹی بندر اوردیگر ملحقہ علاقوں کے مستحق خاندانوں کے لیے ایک ماہ کا راشن فراہم کیا۔
علاوہ ازیں، پاک بحریہ نے کراچی، لاہور، فیصل آباد، بہاولپور کے علاقوں میں بھی راشن تقسیم کیا۔اس کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کے جوانوں نے کورونا وائرس سے بچائو کے لیے آگہی مہم کا انعقاد کیا اور ذاتی تحفظ کا سامان تقسیم کیا۔پاک بحریہ ویمن ایسوسی ایشن نے کراچی میں کم آمدنی والے سیویلین اسٹاف، ماہی گیروں کی ایسوسی ایشن اور اسلام آباد کے کورونا وائرس سے متاثرہ علاقہ بارہ کہو اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی راشن تقسیم کیا۔
اب تک ہزاروں راشن کے تھیلے کم آمدن والے خاندانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ علاوہ ازیں راشن کے تھیلے کراچی کے مختلف کینٹس اور سندھ پولیس کو دیے گئے جنھوں نے راشن کو مختلف علاقوں کے ضرورت مند افراد میں تقسیم کیا۔ پاک بحریہ نے 32 ٹن راشن کراچی کے شمس پیر کے جزیرے کے ماہی گیروں میں تقسیم کیا۔
پاک بحریہ مختلف ر ہائشی علاقوں میں بنیادی اشیائے خوردونوش سبسڈائزڈ رییٹس پر فراہم کررہی ہے۔مزید برآں، ساحلی اور کریکس کے دور دراز علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پرفوڈ ریلیف کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ جن علاقوں میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے ان میں بلارا، غازی بیل، پٹھان گوٹھ، کاپر، سربندار، گانز، لال بستی، دامب اور تھییم گوٹھ شامل ہیں۔ مقامی این جی او کے تعاون سے پاک بحریہ نے ضلع بدین اور اس کے مضافات میں جمعہ ملاہ گوٹھ، حاجی بچل سومرو گوٹھ، کنبھرمحلہ گوٹھ اور جاتی کے کچھ دوسرے دیہاتوں میں بڑی تعداد میں راشن بیگ تقسیم کیے۔
اسلام آباد کی کچی آبادیوں میں بھی ضرورت مند خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا جبکہ لاہور کے شہری علاقوں اور دیہات میں راشن تقسیم کرنے کے لیئے ہزاروں کلوگرام راشن یونین کونسلر، کوٹ رادھا کشن کے حوالے کردیا گیا۔
پاک بحریہ پاکستان بھر میں انسانی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں مدد کے لئے آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے۔کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں رہائش پذیر ضرورت مند خاندانوں میں ہزاروں کی تعداد میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔ علاوہ ازیں پنجاب کے دیگر بڑے شہروں بشمول لاہور ، فیصل آباد ، ملتان ، بہاولپور اور مظفر گڑھ میں بھی راشن بیگ تقسیم
کیے گئے۔ مزید برآں ، پاک بحریہ نے مخیر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے لاہور ، فیصل آباد اور سیالکوٹ کے مختلف اسپتالوں میں حفاظتی سوٹس اور کٹس تقسیم کیں۔
پاک بحریہ کی جانب سے ساحلی اور کریکس علاقے اور ان سے منسلک دور دراز قصبوں اور گوٹھوں میں وسیع پیمانے پر امدادی سرگرمیاں سر انجام دی گئیں۔ بلوچستان اور سندھ کے ساحلی علاقے جیوانی ، گوادر ، سربندر ، پسنی ، خور کلمت ، سومیانی، بن قاسم ،کیٹی بندر ، جاتی اورچھور جمالی سمیت گوٹھوں میں ہزاروں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔ پاک بحریہ نے اورماڑہ کے مقامی افراد میں بھی بڑی مقدار میں راشن تقسیم کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کرونا وائرس کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے۔ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ اس عظیم قومی مقصد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

ای پیپر دی نیشن