اسلام آباد: بھارت کے سابق فوجی افسرنے بلوچستان میں دہشت گردی کرانے کا اعتراف کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ جس طرح بنگلہ دیش کو پاکستان سے الگ کیا تھا اسی طرح بلوچستان کو بھی پاکستان سےالگ کردیں گے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریٹائرڈ میجر گواروؤ آریا نے دو روز قبل بھارتی ٹی وی چینل پر برملا کہا تھا کہ ہندواڑا کا بدلہ بلوچستان میں لیاجائے گیا اور گزشتہ روز پاک ایران سرحد سے چودہ کلومیٹر دور کیچ کے علاقے بلیدا میں دہشت گردوں کی طرف سے دیسی ساختہ بم حملے میں ایک میجر سمیت چھ جوان شہید ہوگئے تھے۔
بھارتی فوج کے سابق میجر کا مزید کہنا تھا کہ میں ٹیلی وژن پر سب کے سامنے یہ دعویٰ کر رہا ہوں کہ میں بلوچستان کے علیحدگی پسندوں کے ساتھ رابطے میں ہوں اور ہم پاکستانیوں کی ناک توڑ دیں گے، میرے پاس میرے موبائل فون میں ان کے نمبر موجود ہیں، میں تقریباً ہر روز ان سے رابطے میں رہتا ہوں، بگٹی، مری، مینگل، کون سے سردار کا نمبر چاہیے، مجھے بولو میں دوں گا
بھارتی ریٹائرڈ میجر گواروؤ نے بلوچستان میں دہشت گرد کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے پروگرام میں شریک پاکستانیوں سے کہ کہا کہ آج نہیں تو دس سال بعد بلوچستان ایک علیحدہ ملک ہوگا اور آپ لوگوں کو پاسپورٹ لے کر وہاں جانا ہوگا،بلوچستان میں لوکیشن کے ساتھ، جس طرح بنگلا دیش میں جانے کے لیے پاسپورٹ چاہیے، اسی طرح بلوچستان میں جانے کے لیے پاسپورٹ چاہیے ہوگا۔