جہلم،کارٹونز، ویڈیو گیمز میں اسلحہ کی بھرپور نمائش  والدین کے بے جا لاڈپیار نے کمسن بچوں کے ہاتھوں میں بھی بندوقیں تھمادیں

May 10, 2021

 جہلم(نامہ نگار)جہلم ٹی وی ڈراموں ، فلموں،کارٹونز، ویڈیو گیمز میں اسلحہ کی بھرپور نمائش، ملکی حالات اور والدین کے بے جا لاڈپیار نے کمسن بچوں کے ہاتھوں میں بھی بندوقیں تھمادیں۔ شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں کھلونا نما پستول، کلاشنکوف سمیت دیگر اسلحہ عید الفطر پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والے کھلونے بن گئے۔ بچوں نے گاڑیوں، موٹر سائیکلوںودیگر روایتی کھلونوں کے بجائے اسلحہ نما کھلونوں کو ترجیح دینا شروع کررکھی ہے۔ جس سے بچوں کے ذہنوں سے اسلحہ کے خطرات بھی کم ہوتے جارہے ہیں۔ عید الفطر سے قبل ہی کھلونا  پستول سے ایک دوسرے پر گولیاں چلانا اور مرنے مارنے کی اداکاری کرنا بچوں میں تشدد پسندی کو پروان چڑھانے کا رواج عام ہو رہا ہے ۔ ان کھلونا نما ہتھیاروں کے تمام فنکشنز اصل بندوقوں کی طرح کام کرتے ہیں اور بعض کھلونا بندوقوں میں لیزر لائٹس بھی نصب ہیں، جس سے رات میں بھی درست نشانہ لگایا جاسکتا ہے۔  دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ عید پر کھلونا نما پستول ہی سب سے زیادہ فروخت ہوتے ہیں جبکہ دیگر کھلونوں کی فروخت بہت کم ہوگئی ہے۔ شہری اور سماجی حلقوں کا کہناہے کہ اسلحہ نما کھلونوں پر حکومت کو پابندی عائد کرنی چاہئے تاکہ شدت پسند ی کا رجحان ختم ہوسکے۔

مزیدخبریں