جہلم، عیدالفطر کے قریب آتے ہی برقعہ پوش خواتین بھکارنوں کی بھرمار جگہ جگہ بھکاریوں نے عارضی بنیادوں پر ڈیرے جمالیے، کو ئی پو چھنے والا نہیں 

May 10, 2021

جہلم(نامہ نگار) پڑوسی اضلاع سے پیشہ ور بھکاری چوک،چوراہوں،گلی محلوں سمیت شہر کی اہم سڑکوں پر قبضے جما لیتے ہیں ، جہاں پر یہ بھکاری فطرانہ ، ذکوٰۃ ، خیرات ، صدقہ مانگتے نظرآتے ہیں ، پیشہ ور بھکاریوں کی وجہ سے اصل حقدار افراد کا حق ان تک نہیں پہنچ پاتا جس سے حقداروں کی حق تلفی ہورہی ہوتی ہے ، سفید پوش لوگ جو کہ اپنی ضرورت کے لئے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلا سکتے وہ لوگ اپنی ضرورتوں کو دیکھتے رہ جاتے ہیں، دہشتگردی کے اس دور میں بہت سارے ملک دشمن عناصر بھی اپنی مذموم کاروائیوں کے لئے اس قسم کا روپ دھار لیتے ہیں ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کو چاہیے کہ وہ اس مافیا کو نہ صرف بے نقاب کریں بلکہ انکا تدارک بھی کریں تاکہ حقداروں تک ان کا حق صحیح معنوں میں پہنچ سکے ۔ اس وقت شہر و گردونواح میں بھکاریوں کے جتھے  سڑکوں ، چوک چوراہوں پر صبح تا رات تک مٹر گشت کرتے دکھائی دیتے ہیں ، شہری تنظیموں کے عمائدین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سفید پوش طبقہ جو کسمپرسی کی زندگیاں گزارتے ہوئے بھیک مانگنا گناہ کبیرہ سمجھتے ہیں ان بہروپیے بھکاریوں کی وجہ سے مستحق افراد مالی امداد سے محروم ہو جاتے ہیں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ بین الضلاعی بھکاری گروہ کے افراد کے خلاف گداگری ایکٹ کے تحت کارروائیاں کریں تاکہ مستحق افراد کو ان کا حق مل سکے ۔ 

مزیدخبریں