کوئٹہ ،دہشت گردوں کی فائرنگ3ایف سی اہلکار شہید،تربت میں4زخمی

اسلام آباد‘ لکی مروت‘ مردان (خبرنگار+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) کوئٹہ اور تربت کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی دو مختلف کارروائیوں کے دوران ایف سی کے 3 جوان شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارگریٹ کوئٹہ میں دہشت گردوں نے سکیورٹی کے فرائض پر تعینات ایف سی کے دستوں کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 ایف سی کے جوانوں نے شہادت کو گلے لگا لیا جبکہ 1 زخمی ہوگیا۔ شیربندی میں دہشت گردی کی ایک اور سرگرمی میں، تربت میں  دہشت گردوں نے پاک ایران بارڈر کے ساتھ گشت کرنے والے فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ نتیجے میں 4 ایف سی فوجی زخمی ہوگئے۔ شہید جوانواں میں لانس نائک سید ہوسی شاہ‘ سپاہی فیصل محمود‘ سپاہی نعمان الرحمن شامل ہیں۔ اسلام آباد سے  خصوصی نامہ نگار  کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بلوچستان، کوئٹہ اور تربت میں ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کے  واقعات کی مذمت کی ہے اور دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ بہت تکلیف دہ ہے۔ بدترین دہشت گردی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کاروائیوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ بلوچستان کی ترقی اور ملکی سلامتی کا مشن جاری ہے گا۔ لکی مروت‘ مردان  سے نوائے وقت رپورٹ‘  نامہ نگار کے مطابق لکی مروت میں پولیس موبائل پر شرپسندوں کے حملے کے دوران اے ایس آئی شہید، کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ کراچی پشاور انڈس ہائی وے پر نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی محمد شاہ خان شہید جبکہ ایلیٹ فورس کانسٹیبل انواراللہ زخمی ہو گئے۔ پولیس نے  دہشت گردوں کا تعاقب کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد بھی مارے گئے۔ پولیس  کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ شرپسند موٹرسائیکل پر سوار تھے جنہوں نے تھانہ ڈاڈانوالہ کی پولیس موبائل کو نشانہ بنایا۔ مردان سے نامہ نگار کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس  نے مبینہ خطرناک دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔ دہشتگرد کی سر کی قیمت پچاس لاکھ روپے مقرر تھی۔ انسداد دہشتگردی مردان  ریجن کے مطابق خفیہ  اطلاع پر کارروائی کے دوران دہشتگرد انور خان عرف باچہ گرینڈ کو گرفتار کرلیا جس کے سر کی قیمت 50  لاکھ روپے مقرر تھی اور وہ 13  دہشتگردی کے مقدمات میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشتگرد نے انٹیروگیشن کے دوران اپنے دیگر7  ساتھیوں کے بارے میں نشاندہی اور انکشاف کئے ہیں۔ ملزم کی نشاندہی  پر آخون  بابا قبرستان میں چھپایا گیا اسلحہ  جن میں ہیوی مشین گن، آر‘ پی‘ جی  7‘ گولے‘ گن بیرل اور بڑی مقدارت میں گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔  علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ زاہد چوہدری نے دہشتگردوں کی جانب سے ایف سی اہلکاروں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کی بلندی درجات کی دعا کی ہے  اور  جوانوں کو خراج عقیدت پیش  کرتے ہوئے کہا ہم شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ اس طرح کے واقعات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتے ہیں۔ وفاقی  وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری  فواد حسین نے بھی واقعات میں ایف سی کے  جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...