لاہور(نامہ نگار)پاک فوج، رینجرز، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے گذشتہ روز بھی مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر،کمشنر لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان،ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی، سی ٹی او لاہور سید حماد عابد، لاہور پولیس کے مختلف آپریشنل یونٹس، آرمی اور رینجرزکے جوانوں نے فلیگ مارچ میں حصہ لیا۔فلیگ مارچ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ سے شروع ہو کرگڑھی شاہو، کینال روڈ، جیل روڈ، منی مارکیٹ گلبرگ، ایم ایم عالم روڈ، لبرٹی گول چکر،برکت ماکیٹ، جناح ہسپتال، اقبال ٹاؤن، ملتان روڈ سمیت مختلف شاہراہوں اور پبلک مقامات سے گذرا۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے بغیر ماسک موٹر سائیکل سواروں میں ماسک تقسیم کئے اور کہا کہ شہری عید کی تعطیلات کے دوران بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔انہوں نے نہر کے بعض مقامات پر شہریوں کے نہانے کیلئے اکٹھا ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ شہریوں کو نہر پر نہانے کیلئے آنے سے روکیں۔
پاک فوج، رینجرز، پولیس‘ ضلعی انتظامیہ کا مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ
May 10, 2021