لاہور( خصوصی نامہ نگار)مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ و تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا ہے کہ امریکی انخلاء کے بعد افغانستان کے حوالے سے بڑی تشویش پائی جاتی ہے اور اس انخلاء کے پیچھے کارفرما عوامل کا سمجھنا انتہائی اہم ہے چونکہ خود طالبان اور پاکستان کے ہر طبقے میں موجود انکے ہم فکر افراد یہ تاثر دیتے ہیں کہ یہ سب طالبان کی مزاحمت و مقاومت کا نتیجہ ہے کہ جس طرح انہوں نے ایک سپر طاقت روس کو شکست دی اب امریکہ کو بھی ویسے ہی انخلا پر مجبور کر دیا ہے۔ انکی اس مزاحمت کے باوجود بھی یہ گمان سادگی ہے۔چونکہ تاریخ گواہ ہے کہ امریکہ ایک مکار شیطانی طاقت ہے وہ ہر قدم ناپ تول کر اٹھاتا ہے۔پہلے اس کا افغانستان میں روس کے مقابلے میں آنا،روس کے نکلنے کے بعد مجاہدین کا ساتھ دینا، پھر طالبان کو اٹھانا، پھر ہٹانا اور بمباری و قتل و غارت کے بعد جمہوری حکومت قائم کرنا اور اب وہاں کے منظر نامے میں ایک خلا پیدا کرنا یہ سب اقدامات اسکے مسلمانوں کے خلاف اپنے ہی شیطانی اہداف کے حصول کا ذریعہ ہو۔