لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ+وقائع نگار خصوصی +ایجنسیاں+ نمائندگان) کرونا سے مزید 118 افراد جاں بحق جبکہ 3785 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ کرونا وباء سے نمٹنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈائون نافذ ہے۔ مریضوں کی تعداد میں پاکستان 29 ویں نمبر پر آگیا۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں 4 ہزار 569 مریض شفایاب ہوئے۔ مثبت کیسز آنے کی شرح 9 اعشاریہ 29 فیصد ہو گئی۔ مجموعی اموات 18 ہزار 915، مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 58 ہزار 26 ہو چکی ہے۔ ملتان میں لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر پچاس کاروباری مراکز اور دکانیں سیل کردی گئیں۔ دو افراد گرفتار اور دو کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ 13 بسوں کو بھی تحویل میں لیا گیا اور بس مالکان کو 50 ہزار سے زائد جرمانے کئے گئے۔ اسی طرح سحری کے اوقات میں دکانیں کھولنے والوں کو ایک لاکھ روپے جرمانے عائد کئے گئے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا خصوصی اجلاس ہوا اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ 8 سے 16 مئی تک تمام تجارتی مراکز اور سیاحتی مقامات کو بند رکھا جائے گا۔ تاہم میڈیکل سٹورز، ویکسینیشن سینٹرز اور بیکریز پابندی سے مستثنٰی ہونگے۔ اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا کہ سیاحتی سرگرمیوں پر لوکل اور غیر ملکی شہریوں کے لیے مکمل طور پر پابندی ہوگی۔ تمام سیاحتی مراکز، ہوٹلز اور پکنک پوائنٹس ان ایام کے دوران بند رہیں گے۔ کسی بھی سیاحتی مقامات پر جانے والے سیاحوں کو واپس بھیج دیا جائے گا۔ تمام ہوٹلز کی بکنگز کو بھی کینسل، بین الصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر عائد مکمل پابندی برقرار رہے گی۔ اجلاس میں مختلف شہروں میں رپورٹ ہونے والی ایس او پیز خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس پر اطلاق کے لیے جامع پالیسی بنانے کے لئے صوبوں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔ ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک 16 ہزار 125 کے قریب ہیلتھ ورکرز کرونا سے متاثر ہوئے۔ وزارت صحت ذرائع کے مطابق ملک میں اب تک 9620 کے قریب ڈاکٹرز کرونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ 2310 سے زائد نرسنگ سٹاف متاثر ہو چکا ہے۔ ہسپتالوں اور شعبہ صحت سے منسلک 4185 ہیلتھ ورکرز بھی کرونا سے متاثر ہوئے۔ کرونا سے متاثر ہوئے 155 ہیلتھ ورکرز جان کی بازی ہا رگئے۔ ملک میں 530 ہیلتھ ورکرز گھروں‘ ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ 15425 ہیلتھ ورکرز صحتیاب ہو چکے ہیں۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن پی آئی اے کا خصوصی طیارہ مزید دس لاکھ ویکسین لے کر پاکستان پہنچ گیا۔ ترجمان ایئر لائن عبداللہ خان کی طرف سے اتوار کو یہاں جاری بیان کے مطابق سائنوویک ویکسین حکومت پاکستان اور وزارت صحت کی ہدایت پر بیجنگ سے خصوصی طیارہ کے ذریعے لائی گئی ہے۔ ملک میں کرونا کی تیسری خطرناک لہرکے باعث ویکسین درآمد تیز کردی گئی ہے۔ فیصل آباد میں کرونا کے 8مریض جاں بحق، مرنیوالوں کی نعشیں ورثاء کے حوالے۔ آن لا ئن کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران الائیڈ ہسپتال میں کرونا کے 27مریض نئے آنے سے داخل ہونے والوں کی مجموعی تعداد 208 ہو گئی جن میں کرونا کے کنفرم 141 جبکہ 67 مشتبہ مریض بھی شامل ہیں۔ اس دوران زندگی وموت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد کرونا کے 3 کنفرم 3 مشتبہ مریض چل بسے۔ غلام محمد آباد جنرل ہسپتال میں کرونا کا ایک کنفرم مریض اور ڈی ایچ کیو میں بھی ایک مریض مرنیوالوں میں شامل ہے۔ ڈاکٹروں نے شہریوں کو کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی تنبیہہ کی تاکہ خود کو اور دوسروں کو کرونا کے وار سے بچایا جا سکے۔ گوجرانوالہ میں 24گھنٹوںکے دوران کرونا سے مزید 3افراد جاں بحق ہو گئے۔ ڈویژن میں 61مریضوں میں اضافہ، تعداد11486ہو گئی، 99مریضوں ہسپتالوں میں زیر علاج محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دورا ن کرونا کے مزید 61کیسز سامنے آئے ہیں جن میں گوجرانوالہ کے 27،گجرات 13، حافظ آباد 1، منڈی بہاائولدین 5، نارووال 2 اور سیالکوٹ کے 13مریض شامل ہیں۔ ڈویژن میں متاثرہ مریضوں کی تعداد11486ہو چکی ہے۔ گوجرانوالہ میں 24گھنٹوں کے دوران کرونا میں مبتلا 3مریض جاں بحق ہو ئے ہیں جبکہ 99مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔سیالکوٹ میں گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں دو مریض کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔ متعدد نئے مریض ہسپتال داخل۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں سمبڑیال کی رہائشی 65سالہ سکینہ بی بی اور نارووال کا رہائشی محمد نواز کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے جبکہ مسعود، نعیم ، فتح علی، رسولاں بی بی، فاطمہ سمیت دیگر متعدد مریض کرونا وائرس کی رپورٹ مثبت آنے اور طبیعت سنگین ہونے پر ہسپتال داخل ہوئے۔