لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے قائم مقام صدر خواجہ عمران نذیر، ارکان اسمبلی شائستہ پرویز ملک،علی پرویز ملک، سیکرٹری اطلاعات عامر خان سمیت دیگر نے کہا ہے کہ پاک فوج سمیت دیگر قومی اداروں کے خلاف عمران نیازی اور اس کے حواریوں کی ہرزہ سرائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قومی اداروں کے خلاف زبان درازی بیرونی ایجنڈا کا حصہ ہے جو کہ ملک کے ساتھ غداری ہے۔ پارٹی رہنماؤں و کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ملکی سیاست کو پراگندہ کردیا ہے اور ہمیشہ جھوٹ پر مبنی سیاست کا سہارا لیکر عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ پہلے عمران خان نے قوم کو نئے پاکستان بنانے کا جھانسہ دیا تھا پھر کہا کہ مدینہ کی ریاست بنائوں گا مگر جب اس کوحکومت مل گئی تو اس نے ان میں سے کوئی ایک کام بھی پورا نہ کیا۔
اور 4 سالوں میں اس نے صرف کھوکھلے دعوں اور نعروں سے ہی قوم کو بہلانے پھسلانے کی کوشش کی مگر عملی طور پر کچھ نہ کیا۔ وہ اپنی چار سالہ حکومت کے بارے میں بتائیں کہ اس دوران انہوں نے کتنے لاکھ گھر بنا کر عوام کو دئیے اور کتنے لاکھ نوجوانوں کو نوکریاں دیں مگر ان سب باتوں کا جواب ان کی طرف سے نہیں آرہا ہے۔
قومی اداروں کیخلاف زبان درازی بیرونی ایجنڈا ہے :خواجہ عمران نذیر
May 10, 2022