پسنجر سیفٹی، سہولیات اور پنکچوئلٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے:فرخ تیمورغلزئی

May 10, 2022


لاہور (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو افسرپاکستان ریلوے فرخ تیمور غلزئی نے گزشتہ روز ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی وزیر ریلوے کے احکامات پر عملدرآمد کیلئے افسران کو ٹاسک دئیے گئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ریلوے افسران کو ہدایت کی کہ پسنجر سیفٹی، سہولیات اور پنکچوئلٹی پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔ اگر ہم عید پر سو فیصد پنکچوئلٹی حاصل کر سکتے ہیں تو باقی دنوں میں بھی ایسا کرنا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مالی سال کا ریونیو کا ٹارگٹ حاصل کر لیں گے۔ فرخ تیمور غلزئی نے متعلقہ افسران کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مسافر ٹرینوں کے واش رومز میں پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور ریلوے سٹیشنوں کی صفائی پر کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے۔ اس سلسلے میں ٹرینوں میں بھی صفائی کے تسلی بخش انتظامات ہونے چاہئیں۔ سٹیشنوں پر مسافروں کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
 انہوں نے ڈی ایس ورکشاپ کو ہدایات دیں کہ کوچز کی بر وقت فراہمی اور بہترین اور معیاری اورہالنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ آپریشن متاثر نہ ہو۔ اس کے علاوہ ایکسپریس ٹرینوں کے ساتھ ڈائننگ کارز لگانے کا جلد انتظام کیا جائے اور چیف الیکٹریکل انجینئر کو ہدایات دیں کہ گا ڑیوں میں ائیر کنڈیشنر، پنکھوں اور لائیٹس کی بہترین فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ سی ای او نے تمام ڈی ایسز کو اہم ریلوے اسٹیشنوں پر پسنجر ہلپ ڈیسک بنانے کا بھی حکم جاری کیا۔

مزیدخبریں