راکٹ حملہ ، کمانڈر یوکرائنی بحریہ ہلاک ، امریکہ کی 3 روسی ٹی وی سٹیشنز پر مزید پابندیاں 

May 10, 2022

کیف/ واشنگٹن (شنہوا+ این این آئی) یوکرائنی بحریہ کے نائب کمانڈر کرنل ایہور بیدزئی ایک کارروائی کے دوران ہلاک ہوگئے ہیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی یوکرینفارم نے پیر کے روز فلاحی فاؤنڈیشن کم بیک الائیو کے ڈائریکٹر اراس چمٹ کی فیس بک پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایہور بیدزئی بحریہ کے ایم آئی 14 ہیلی کاپٹر کے عملہ سمیت ایک جنگی کارروائی کے دوران روسی راکٹ حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ ڈائریکٹر نے واضح نہیں کیا کہ ایہور بیدزئی کس لڑائی میں اور کب ہلاک ہوئے۔ یوکرین میں روسی فوجی آپریشن اپنے تیسرے مہینے میں داخل ہو رہا ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے زور دے کر کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ابھی تک دنیا کو ان پر اعتماد کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے۔ امریکا نے روس کے تین ٹیلی ویژن سٹیشنوں کے خلاف نئی پابندیاں متعارف کرائی ہیں، امریکیوں پر روسیوں کو اکاؤنٹنگ اور مشاورتی خدمات فراہم کرنے پر پابندی عائد کردی ہے اور ماسکو کو یوکرائن پر حملے کی سزا دینے کے لیے گیز پروم بینک کے ستائیس انتظامی عہدے داروں (ایگزیکٹوز) کے خلاف قدغنوں کی منظوری دی ہے۔

مزیدخبریں