اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی تقریروں میں کبھی کسی شخصیت کانام نہیں لیا، شہبازشریف کا چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کیس کرنے کا بیان سمجھ سے بالاتر ہے، مریم نواز کے بیانات پر غیر سنجیدہ قرار دے کر جان نہیں چھوٹ سکتی، مریم نواز اس پر خود معافی مانگیں یا پارٹی معافی مانگے۔اسلام آباد میں فوادچوہدری نے حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے آج تک کسی ادارے کی اس طرح تضحیک نہیں کی، عمران خان کے حوالے سے بے بنیاد باتیں کرنے والا طبقہ دراصل پاکستان اور فوج کے خلاف ہے۔ تمام مسائل کا حل ایک ہی ہے کہ عوام کے پاس جایا جائے۔حماد اظہر نے کہا کہ مہنگائی کی شرح ایک ماہ میں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، ایسی تباہی کرونا میں بھی نہیں آئی۔