کابل ( نیٹ نیوز)افغانستان کے گم گشتہ تاریخی و ثقافتی ورثہ کو کون واپس دلائے گا، افغان باشندے اپنی ثقافت ‘تہذیب سے بہت پیار کرتے ہیں اور اس کی حفاظت کے لیے کوششیں کرتے رہے ہیں۔ افغانستان کو اپنی جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے مغرب، مشرق، شمال اور جنوب کے درمیان ایک پْل کا درجہ حاصل ہے۔ یہ خطہ اپنے قدرتی وسائل، تاریخی نوادرات اور آثارقدیمہ کے لحاظ سے ہمیشہ تاریخ کے ہر دور میں دنیا کی بڑی طاقتوں اور حملہ آوروں کا مرکز نگاہ رہا اور جو بھی یہاں آیا تو کسی خاص عقیدے یا نظریے کو پھیلانے کی غرض سے نہیں بلکہ افغانستان کے قدرتی وسائل اور قیمتی معدنیات کو لوٹنے کی نیت سے آیا۔ ابتدائی انسانی تاریخ سے لے کر آج تک افغانستان دنیا کی قدیم اور عظیم تہذیبوں اور ثقافتوں کا گہوارہ رہا ہے جس کے آثار اب بھی کسی نہ کسی شکل میں موجود ہیں۔