پی ٹی وی سپورٹس کے ٹھیکوں میں بڑے گھپلوں‘ اربوں  روپے من پسند کمپنیوں کو دینے کا انکشاف 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پی ٹی وی سپورٹس کے ٹھیکوں میں بڑے پیمانے پر گھپلوں اور اربوں روپے من پسند کمپنیوں کو دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزارت اطلاعات نے اربوں روپے کے نقصانات اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ ایف آئی اے نے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ سمیت دیگر اہم شواہد اور ریکارڈ حاصل کر لیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی وی کی محکمانہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ وزارت اطلاعات کو پیش کی گئی ہے جس میں پی ٹی وی سپورٹس کے ٹھیکوں میں بڑے پیمانے پر گھپلوں اور اربوں روپے من پسند کمپنیوں کو دینے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ سابق دور کے ریکارڈ کی چھان پھٹک میں ہوشربا حقائق سامنے آئے ہیں۔ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں پی ایس ایل 7، 8  اور ورلڈ کپ کے ٹھیکوں میں بڑے پیمانے پر مالی اور قانونی جرائم کا ارتکاب کیا گیا۔ من پسند پارٹیوں کے ٹیکس بھی معاف کئے گئے۔ قواعد کے برعکس پی ٹی وی سپورٹس کے کنٹریکٹس دینے اور اربوں روپے کی ادائیگیوں پر قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ سمیت دیگر اہم شواہد اور ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔ ایف آئی اے نے پی ایس ایل کے ٹھیکوں کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن