لاہور (خصوصی نامہ نگار) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سابقہ نام نہاد حکومت نے اپنے دور اقتدار میں قوم کو معاشی بحران کا تحفہ دیا ہے اور آئینی راستے سے اقتدار سے محروم ہونے کے بعد اب سابق حکمران قوم کو انتشار کا شکار کرنے میں دن رات مصروف ہے لیکن قوم ایسے لوگوں کو خوب جانتی ہے۔ ملک میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت افراتفری پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن قوم ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ مرکزی میڈیا آفس کے مطابق وہ پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان اور دیگر وفود سے اپنی اقامت گاہ پر گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر مولانا اسعد محمود، مولانا لطف الرحمن، مولانا قاری امجد سعید، قاری عطاء الرحمن، حافظ عبد الصمد، طارق بلوچ، حافظ سیف الرحمن اور دیگر موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جے یو آئی فوری انتخابات کی حامی ہے۔ سابقہ حکومت نے اپنے دور اقتدار میں آئین کی روح کے منافی متنازعہ قانون سازی کر کے آئین کا چہرہ مسخ کیا۔ ہم آئین کی اصل روح کو بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی نام نہاد حکومت کے آتے ہی جمعیت نے از سر نو انتخابات پر زور دیا تھا تاکہ عوام کی حقیقی امانت اہل افراد کو مل سکے۔ آج بھی جے یو آئی اپنے اس موَقف پر قائم ہے انتخابات ہو نے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسجد نبوی کے تقدس کو پامال کرنے والو ں کو جے یو آئی ہر محاذ پر بے نقاب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں اکثریت جے یو آئی کی ہو گی۔