راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے اور پریزنٹ ٹائمز پبلک سکول اینڈ کالج، ایبٹ آباد کے سابق طالب علم معید عرفان نے امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں واقع جیکسن ول یونیورسٹی میں کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں اول پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف اپنا، اپنے والدین، اپنی مادر علمی بلکہ ایبٹ آباد کا نام روشن کیا جو پاکستان سے پوری یونیورسٹی میں اکلوتے طالب علم تھے، کانووکیشن والے دن دنیا کے بہت سے ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے جھنڈوں کے ساتھ پاکستان کا جھنڈا بھی لہرایا گیا،ایپسما کے مرکزی صدر کاشف ادیب جاودانی، راولپنڈی ڈویژن کے صدر ابرار احمد خان، مرکزی سینئر نائب صدر محمد فرقان چوہدری، فیڈرل تعلیمی بورڈ میں ممبر بورڈ آف گورنر مسز سکینہ تاج، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایپسما راولپنڈی ڈویژن کامران قریشی نے بھی اس عظیم کامیابی پر پاکستان کے معروف ماہر تعلیم پروفیسر عرفان طالب کو مبارکباد پیش کی اور معید عرفان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا،معید عرفان نے ڈگری حاصل کرنے کے بعد اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی وجہ سے جیکسن ول یونیورسٹی میں پاکستان کا جھنڈا لہرایا گیا۔ اس سے قبل ان کو ڈین آنر لسٹ اور پریزیڈنٹ آنر لسٹ میں شامل ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ یونیورسٹی کے ڈیوس کالج آف بزنس کی طرف سے ان کو آؤٹ سٹینڈنگ سٹودنٹ آف کمپیوٹر سائنس 2022 کا ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ دیا گیا، ان کی اس کارکردگی پر انہیں یونیورسٹی نے ایم ایس سی میں داخلہ بھی دے دیا، معید عرفان نے امید ظاہر کی ہے کہ اس سال پاکستان سے کافی طلبہ اس یونیورسٹی میں داخل ہوں گے اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔
امریکہ میں معید عرفان کو کمپیوٹر سائنس کاآؤٹ سٹینڈنگ سٹودنٹ ایوارڈ دیا گیا
May 10, 2022