لاہور‘ بھیرہ‘ سرگودھا (نیوز رپورٹر + نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) سرگودھا کے تاریخی قصبہ بھیرہ میں بنک ڈکیتی کی واردات میں ڈاکوؤں کے ہینڈ گرنیڈ دھماکہ اور فائرنگ کے نتیجہ میں بنک مینجر اور دو کیشیئرز سمیت 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر کے بنک برانچ سیل کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نامعلوم شخص کیش جمع کرانے کے بہانے یونائیٹڈ بنک بھیرہ برانچ میں داخل ہو کر بنک عملہ پر دو ہینڈ گرنیڈ پھینک کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا۔ گرنیڈ پھٹنے سے ہونے والے دھماکہ سے بنک کے شیشے ٹوٹ گئے اور بھگدڑ مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھیرہ میں بنک ڈکیتی کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ڈکیتی میں ملوث ملزموں کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے سرگودھا انتظامیہ کو مزید ہدایت کی کہ ڈکیتی کے دوران زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ملزموں کا دستی بم لیکر بنک میں داخل ہونا بنک کی سکیورٹی لیپس کو ظاہر کرتا ہے۔