راولپنڈی(جنرل رپورٹر)کنٹونمنٹ بورڈ چکلالہ کا شعبہ صفائی کا عملہ نالوں اور نالیوںو گلیوں میں پھیلی گندگی کو صاف کرنے میں فیل ہو گیا ہے ، سڑکوں نالیوں کے ارد گرد پڑی گندگی بھی تعفن پھیلانے کا باعث بننے لگی ہے جب بارش ہو جائے تو پانی سڑکوں پر پھیل جا تا ہے جس سے مکین مشکلات کا شکار ہوگئے، کنٹونمنٹ بورڈ چکلالہ کے علاقوں بکرامنڈی، قریشی روڈ، التمش روڈ، الف شاہ روڈ،لالہ زار،جھاورہ روڈ،ریاض قریشی روڈ، ہارلے سٹریٹ اور دیگر علاقوں میں جو سڑکوں اور گلیوں میں بنائی گئی نالیوں کی صفائی نہ ہونے سے گند سے بھر چکی ہیں ۔
خاکروب اس طرف کا رخ نہیں کرتے ہیں اگر آ بھی جائیں تو برائے نام صفائی کرکے چلے جاتے ہیں جب بھی بارش ہو تو نالوں اور نالیوں کا گندہ پانی باہر نکل کر وبال جان بن جا تا ہے دکانوں اور گھروں میں پانی داخل ہونے سے مشکلات میں اضافہ ہو جا تا ہے ،کنٹونمنٹ بورڈ چکلالہ کے شعبہ صفائی کا عملہ اس طرف توجہ نہیں دیتا، گند باہر سڑکوں ، نالیوں اور گلیوں میں بکھرا پڑا ہے ، جن سے تعفن بھی اٹھنا شروع ہو چکا ہے جو موذی امراض کے پھیلنے کا باعث نہ بن جائے اس لئے گند کو فوری طور پر یہاں سے اٹھا دینا چاہیئے ۔