مسجد وزیر خان میں گانے کی عکسبندی‘ اداکارہ صبا قمر‘ گلوکار بلال سعید بری 

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+کلچرل رپورٹر) ایڈیشنل سیشن جج محمد مشتاق نے  اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کو  مسجد وزیر خان میں گانے کی عکسبندی  کے الزام سے  بری کر دیا۔ عدالت نے بریت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں  بری قرار دے دیا۔ دو سال قبل صبا قمر اور بلال سعید کے البم کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں فنکار لاہور کی مسجد وزیر خان میں موجود تھے۔ سوشل میڈیا پر دونوں فنکاروں نے اپنے گانے 'قبول ہے' کے ٹیزر کے ساتھ کیپشن شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے لکھا کہ 'یہ وہ واحد حصہ ہے جو تاریخی وزیر خان مسجد میں فلمایا گیا تھا، جس میں نکاح کا منظر پیش کیا گیا ہے۔ اسے نہ تو کسی طرح کے پلے بیک میوزک کے ساتھ فلمایا گیا تھا اور نہ ہی یہ میوزک ٹریک کا حصہ ہے'۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ان دونوں نے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے ساتھ ساتھ مقدس مقام کی بے حرمتی کی ہے۔ لہٰذا دونوں کے خلاف ایکشن لینا چاہیئے، دونوں فنکاروں نے اس معاملے پر معافی بھی مانگی  تھی۔ 

ای پیپر دی نیشن