عمران خان کی سیاست کا سورج غروب ہوچکا ہے ‘عاجز دھامرا


کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ، کراچی ڈویژن کے نائب صدر سردار خان اورضلع شرقی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سلیکٹڈ عمران نیازی سرٹیفائی رجیکٹڈ ہونے کے بعد اپنے ہوش کھو بیٹھے ہیں اور وہ جس طرح کے بیانات دے رہے ہیں اس سے ثابت ہورہا ہے کہ وہ اپنی ساکھ بچانے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی آج جو چیخ چیخ کر قوم کو سمجھارہے ہیں کہ وہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے کی وسعت رکھتے ہیں شاید وہ بھول گئے ہیں کہ پونے چار سال کے عرصے میں جو ملک اور عوام پر عذاب برپا ہوا اور جو مہنگائی کا طوفان، اداروں کاخسارہ ہوا وہ سب ان ہی کی نااہل پالیسیوں اور حکمت عملی کے مرہون منت پیش آیاہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے سیاسی ادوار میں جتنا قرضہ لیا وہ تاریخ میں کبھی بھی نہیں لیا گیا اور وہ تاریخی قرضہ کہا کب کیسے استعمال ہوئے اس کا جواب خود پی ٹی آئی کے نالائق چیئرمین اور کوئی ممبر نہیں دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی باشعور عوام سمجھ چکی ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست، جھوٹ اورالزام تراشی کے سوا کچھ نہیں ہے جنہیں موقع ملنے کے باوجود وہ ماہر معاشیات کی ٹیم، ڈیم، نوکریاں محض باتوں اور ہوا تک محدود رہی اور ساری سیاسی ادوار میں آمرانہ رویہ اختیار کرکے سیاسی انتقام اور صحافیوں کے آواز بند کروانے میں مشغول عمل رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی سیاست کا سورج غروب ہوچکا ہے۔

ای پیپر دی نیشن