کراچی پولیس کی بروقت کارروائی‘2 بچے بازیاب‘ والدین کے حوالے کردیا گیا

کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے لاپتہ بچہ پولیس نے ڈھونڈ کر والدین کے حوالے کر دیا جبکہ سپر ہائی وے پر واقع واٹر پارک سے اغوا کیا گیا 2 سال کا بچہ حیدرآباد  سے بازیاب کرالیا گیا ۔ پولیس کے مطابق گلشن اقبال سے ایک بچہ حسان صدیقی گزشتہ صبح 10 بجے گھر سے ناشتہ لینے نکلا تھا اور غائب ہوگیا تھا۔ ایس ایس پی ایسٹ کی ہدایات پر بچے کی تلاش کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ بچے کی تلاش کے لیے تمام گروپس میں بمعہ فون نمبر والدین کا میسج بھی چلایا گیا تھا جس کی مدد سے بچہ والدین کو مل گیا۔ دوسری جانب  کراچی میں سپر ہائی وے پر واقع واٹر پارک سے اغوا کیا گیا 2 سال کا بچہ لطیف آباد سے بازیاب کرالیا گیا۔، خاتون سمیت 2 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ میمن گوٹھ پولیس نے بچے کی گمشدگی کے بعد ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کیا اور حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد میں چھاپہ مار کر حراست میں لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچہ گزشتہ روز سپر ہائی وے پر واٹر پارک میں فیملی کے ساتھ آیا تھا، بچے کو اغوا کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آئی جس کے بعد کارروائی کے دوران خاتون سمیت 2 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ بچے کے اغوا کی فوٹیج میں دو مرد اور عورت سفید گاڑی میں بچے کو ڈال کر ساتھ لے جاتے دیکھے گئے تھے۔ اغوا کے معاملے میں درج کیے گئے مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان بچے کو شام پونے 6 بجے اپنے ساتھ لے کر گئے۔پولیس کی جانب سے ملزمان کو تحقیقات کے لیے کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن