کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ کا کاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن بھٹہ بیٹھ گیا، بد ترین مندی کے باعث انڈیکس 1400پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ 44 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر گئی اور 43300پوائنٹس پر بند ہوئی۔ سرمایہ کاروں کے 2کھرب 28ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 74 کھرب روپے سے گھٹ کر 72کھرب روپے رہ گیا جبکہ 85.67فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ سٹاک ماہرین کے مطابق ملک میں سیاسی پارہ بلند ہونے اور معاشی اعشاریوں میں تنزلی کے خدشات سے سرمایہ کاروں میں بے چینی پائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے انہوں نے نہ صرف نئی سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیا ہے بلکہ منافع کے حصول کیلئے فروخت کو بھی ترجیح دے رہے ہیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کو کے ایس ای 100انڈیکس میں 1447.67 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 44840.81 پوائنٹس سے کم ہو کر 43393.14پوائنٹس ہو گیا۔ اسی طرح 622.05 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 17148.53 پوائنٹس سے کم ہو کر 16526.48پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 30480.30پوائنٹس سے کم ہو کر 29590.19 پوائنٹس ہو گیا۔ کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 2کھرب 28ارب 57کروڑ 18لاکھ 58ہزار 593روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 74 کھرب 43 ارب 30 کروڑ 33 لاکھ 46 ہزار 170 روپے سے گھٹ کر 72 کھرب 14ارب 73کروڑ 14لاکھ 87ہزار 577روپے رہ گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 1روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 186.65روپے سے بڑھ کر 187.60روپے اور قیمت فروخت 186.80روپے سے بڑھ کر187.80روپے ہو گئی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 1.50روپے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 186.50روپے سے بڑھ کر187.50روپے اور قیمت فروخت 187روپے سے بڑھ کر 188.50روپے پر جا پہنچی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں1روپے کا اضافہ ہوا جس سے یورو کی قیمت خرید 195روپے سے بڑھ کر196روپے اور قیمت فروخت197روپے سے بڑھ کر198روپے ہو گئی۔ تاہم برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 231روپے اور قیمت فروخت235روپے پر مستحکم رہی۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 200 روپے اضافے سے ایک لاکھ 33 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت 171 روپے اضافے سے 114026 روپے ہوگئی ہے۔ جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کا بھاؤ 24 ڈالر کم ہوکر 1860 ڈالر فی اونس ہے۔