ای سی سی : 30لاکھ ٹن گندم درآمد یو ٹیلیٹی سٹور میں آٹا ، چینی ، گھی پر سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری 

May 10, 2022


اسلام آباد، لاہور (نمائندہ خصوصی، کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر خزانہ  مفتاح اسماعیل کی صدارت میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار نے رمضان ریلیف پیکیج 2022 کے تحت آٹا اور چینی کی قیمتوں پر نظر ثانی کی سمری پر آٹا اور چینی کے نرخوں میں کمی کی منطوری دی ہے۔ عالمی سطح پر مہنگائی کے دباؤ سے معاشرے کے نچلے طبقے کو مسلسل ریلیف فراہم کرنے کے لیے ای سی سی نے آٹا  کا20  کلو گرام کا بیگ 950روپے سے کم کر کے 800روپے فی 20کے جی کرنے کی منظوری دی جبکہ چینی کی قیمت 85روپے کے جی سے کم کر کے 70روپے کے جی کر دی گئی۔ ای سی سی نے  یہ بھی حکم دیا کہ ویجی ٹیبل گھی پر 190 روپے فی کلو کی رعایت جاری رکھی جائے گی۔ حکومت عام آدمی کے فائدے کے لیے سبسڈی کی لاگت کو برداشت کرتی رہے گی۔ وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے مئی اور جون 2022 کے مہینوں کے لیے وزیر اعظم کے ریلیف پیکیج 2020 کو جاری رکھنے کی سمری پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ چونکہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے پاس  پہلے سے ہی سٹاک دستیاب ہے۔ اس لئے رمضان ریلیف پیکیج کی قیمتوں پر اشیاء کی فروخت جاری رکھی جائے۔ وزارت خوراک کی جانب سے پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ اور پاسکو کی طرف سے اضافی گندم کی خریداری کے لئے کیش کریڈٹ کی حد کی سمری پیش کی گئی، پاسکو اور پنجاب محکمہ  فوڈ نے  بالترتیب 1.2میٹرک  ٹن کی اضافی مقدار حاصل کرنے کی اجازت دی اور پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو 1.00 ایم ایم ٹی کی اضافی مقدار کی خریداری کرنے کی  اجازت دی جس کے لئے 145.50بلین روپے کی کیش کریڈٹ لمٹ دی گئی۔ ای سی سی نے کہا کہ سندھ حکومت کو گندم کی اضافی مقدار خریدنے کی اجازت دی جائے گی، ملک میں گندم کی طلب اور رسد کی صورتحال پر غور کرتے ہوئے، ضرورت کی بنیاد پر 30لاکھ ایم ایم ٹی گندم کی درآمد کی منظوری دی۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر دالوں کے بعد اب مصالحہ جات کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز نے اپنے برانڈ کے مصالہ جات کی قیمتیں بڑھائی ہیں جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 200 گرام سرخ مرچ کی قیمت میں 36 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ 100 گرام ہلدی کی قیمت میں 4 روپے، 200 گرام دھنیا ثابت اور پائوڈر 9 روپے، 50 گرام گرم مصالہ اور کالی مرچ کی قیمت میں 8 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح 50 گرام بڑی الائچی 18 روپے، سبز الائچی 13 روپے، 200 گرام سفید زیرہ 23 روپے، 50 گرام لونگ 16 روپے مہنگی کر دی گئی۔ دریں اثناء 950 گرام چائے کی پتی کی قیمت میں 47 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ملٹی نیشنل کمپنی نے خشک دودھ کی قیمتوں میں 2 سے 30 روپے تک اضافہ کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق فوری ہوگا جس کے مطابق 18 روپے والا خشک دودھ کا ساشے 2 روپے اضافہ سے 20 روپے، 15 روپے والے ساشے کی قیمت 3 روپے اضافہ سے 18 روپے ، 200 گرام والا ڈبہ 20 روپے اضافہ سے 260 روپے جبکہ 450 گرام کا ڈبہ 30 روپے اضافہ سے 480 روپے کا کردیا گیا۔ دیگر دودھ کے پیکٹس اور بچوں کی خوراک میں استعمال ہونے والے سری لیک کی قیمتوں میں بھی اسی تناسب سے اضافہ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں