اسلام آباد+لاہور (خبرنگار خصوصی+کامرس رپورٹر) وزیراعظم شہبازشریف نے چینی کی برآمد پر پابندی عائد کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پہلے عوام کی ضرورت کو پورا کیا جائے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں چینی کا ذخیرہ اور قیمت مستحکم رکھنے کے لئے چینی کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ پہلے عوام کی ضرورت کو پورا کیا جائے اور چینی کی قیمت کو مستحکم کیا جائے۔ وزیراعظم نے سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کا بھی حکم دیا اور ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔ وزیراعظم نے خبردار کیا کہ اس سلسلہ میں غفلت اور کوتاہی ہوئی تو متعلقہ افسر اور عملہ ذمہ دار ہو گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے معاشی مشکلات کے موثر تدارک کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرنے اور اشیائے خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ ہدایت وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے گفتگو کرتے ہوئے کی جنہوں نے پیر کو لاہور میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر حبیب بینک محمد اورنگزیب، چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے درپیش معاشی مشکلات کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے موثر طریقے سے حل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ مزید برآں وزیراعظم نے بینکاری نظام کو عام آدمی کی معاشی فلاح و بہبود کے لیے آسان بنانے پر زور دیا۔