فیصل آباد، لاہور (نمائندہ خصوصی، نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے صدر عارف علوی اور گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کوخبردار کر دیا۔ رانا ثناء نے کہا چند گھنٹوں کے گورنر شرافت سے گھر چلے جائیں اور اپنی عزت مزید خراب نہ کریں تو بہتر ہو گا۔ صدر عارف علوی اور گورنر پنجاب عمر چیمہ ایسا کوئی کام نہ کریں کہ تاریخ اور عوام آپ پر تھو تھو کرتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس کے پابند ہیں۔ اس سے ہٹنا آئین شکنی ہوگی۔ صدر مملکت اور گورنر پنجاب آئین اور سپریم کورٹ کے حکم پر چلیں، کسی بھی خلاف ورزی سے باز رہیں۔ رانا ثناء کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے صدر کے پاس کوئی ’اِن ہیرنٹ‘ یا ’ریذیڈیول‘ اختیارات نہیں۔ پارلیمانی جمہوریت میں صدر کا منصب علامتی ہوتا ہے، ان کے پاس ’ویٹو‘ کا اختیار نہیں۔ صدر عارف علوی پی ٹی آئی سیکرٹریٹ اور عمران خان کے غلام نہ بنیں بلکہ آئین پر چلیں۔ رانا ثناء نے مزید کہا کہ عمر سرفراز چیمہ جاتے جاتے کوئی نیا گند گھولنے سے باز رہیں اور شرافت سے گھر چلے جائیں۔ آئین سے ہٹنے والوں کو آئین، عدالت اور عوام کی سزا کے لئے تیار رہنا ہو گا۔ صدر اور گورنر ایسا کوئی اقدام نہ کریں کہ تاریخ ان کو معاف نہ کرے۔ دریں اثناء فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ ہم نے حکومت اس لیے لی کہ ملک کا مزید بیڑہ غرق نہ ہو۔ عمران خان نے سپریم کورٹ کو 90 دن میں الیکشن کروانے کا خط لکھا جبکہ الیکشن کمیشن نے واضح کردیاکہ 7 ماہ سے پہلے الیکشن ممکن نہیں۔ عمران خان کہتا ہے آزادی کی تحریک دوبارہ شروع کریں گے۔ اس کو کوئی بتائے کہ ہم 75 سال سے آزاد اور ایٹمی پاور ہیں۔ ہم صرف 7 ماہ کی پالیسی نہیں بنا سکتے۔ ہم اس وقت پورے ملک میں ڈھونڈ رہے ہیں کہ کوئی ان کا منصوبہ مل جائے جس کا افتتاح کردیں۔ ان کی چار سالہ حکومت نے صرف لوگوں کو بدتمیزی سکھائی ہے۔ سابقہ حکومت کی نااہلی، نالائقی کے باعث ڈالر 185 سے بڑھ گیا ہے۔ اگر ڈالر 200 روپے تک چلا گیا تو مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ ہماری پوری کوشش ہے ڈالر کو بڑھنے سے روکیں۔ کیا امریکہ نے کہا تھا بزدار کو وزیراعلیٰ بنائو؟۔ فرح خان کے گھر پولیس کی نفری رکھنے کا امریکہ نے کہا تھا؟۔ ملک کی بہتری کیلئے اگلا بجٹ ہمیں پیش کرنا پڑے گا۔ میں نے شیخ رشید کو کہا ہے خونی لانگ مارچ والا بیان واپس لو۔