پاکپتن کا دورہ ، اداروں کیخلاف زہر اگلنے والوں کو جوابب دینا ہو گا : حمزہ شہباز


لاہور+ پاکپتن (نیوز رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی اداروں کے خلاف زہر آلود گفتگو کرنے والوں کو جواب دینا ہوگا۔ کوئی یہ نہ سمجھے کہ وہ اداروں کے متعلق جو مرضی کہتا پھرے۔ ایک ہارا ہوا شخص پاکستان کے اداروں، آئین اور سلامتی کے ساتھ مذاق کررہا ہے۔ پاکپتن میں رکن پنجاب اسمبلی میاں نوید کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران نیازی کی باتیں اور اقدامات پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہیں۔ دوست ممالک بھی ان کی بدزبانی کا نشانہ بنے۔ عمران نیازی کی وجہ سے دوست ممالک پاکستان سے دور ہو گئے۔ کہتا تھا پاکستان کا وکیل بنوں گا، کشمیر کا وکیل بنوںگا، نہ پاکستان کا وکیل بنا نہ کشمیریوں کا۔ بہت جلد عمران نیازی کو سارے گناہوں کا حساب دینا ہوگا۔ عوام کی عدالت میں بھی عمران نیازی کو جواب دینا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب نے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ عمران نیازی آئین شکنی کرنا چاہتا تھا، آئین کی پاسداری کیلئے سپریم کورٹ کے دروازے کھلے۔ اگر رات کو سپریم کورٹ کے دروازے نہ کھلتے تو آج پاکستان میں کوئی آئین نہ ہوتا۔ پچھلے چار سال میں انتشار اور انتقام کے سوا کیا کیا گیا۔ نوجوانوں سے روزگار کے جھوٹے وعدے کیے گئے۔ پنجاب میں تماشا لگا رہا۔ مہنگائی نے لوگوں کو ذہنی مریض بنادیا۔ عوام کی زندگی میں آسانیاں لانا چاہتے ہیں۔ چند دنوں میں عوامی فلاح کا ایجنڈا سامنے لائیںگے۔ اشیاء صرف کے نرخ میں کمی ایجنڈے کا پہلاحصہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ میاں نوید کے والد کے قتل کی تحقیقات ہوگی اور ملزم یقینی طورپر کیفر کردار کو پہنچیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز پاکپتن آمد کے فوراً بعد مسلم لیگ ن کے ایم پی اے میاں نوید علی ارائیں کی رہائش گاہ گئے اور ایم پی اے میاں نوید کے والد کے قتل پر سوگوار خاندان سے اظہار افسوس اور تعزیت کی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ کے مزار پر حاضری بھی دی اور پاکستان کی ترقی و سلامتی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعا مانگی۔ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے مسجد اولیاء میں نوافل ادا کئے۔ حمزہ شہباز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحمل، برداشت، رواداری اور بھائی چارے کا فروغ اولیاء کرام کی تعلیمات کا خاصا ہے۔ آج اولیاء کرام کی تعلیمات کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ حمزہ شہباز نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاکپتن کا دورہ کر کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ حمزہ شہباز نے ہسپتال میں مریضوں اور لواحقین سے دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ ویٹنگ ایریا میں بیٹھی بچی کو علاج معالجے کے لیے فوری طور پر ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے ادویات کی انونٹری کا رجسٹر، فریج میں رکھے انجکشن بھی چیک کئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی مفت فراہمی میرا مشن ہے۔ مفت اور بہترین علاج پنجاب کے ہر شہری کا حق ہے۔ حمزہ شہباز نے پاکپتن میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات بھی کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال پر گفتگو اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارلیمنٹرینز نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی ضرورت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ پاکپتن اور گرد ونواح کے عوام کے مسائل پر نظر ہے، حل کرکے دم لیں گے۔ حمزہ شہباز شریف سے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال چوہدری نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور عمومی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمران نیازی کی صورت میں ملک پر فتنہ مسلط تھا اب اس کے جانے پر عوام خوش ہے۔

ای پیپر دی نیشن