اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اعلی سطح کے گروپ آف فرینڈز گلوبل انیشیٹو فورم سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی جیز پر عملدرآمد کی رفتار سست ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے گروپ آف فرینڈز کے نیو یارک میں اجلاس سے ورچوئل خطاب کیا۔ وزیر خارجہ نے چین کی جانب سے جی ڈی آئی کے اقدام کو شروع کرنے کو سراہا اور جی ڈی آئی کو ایک مفید فورم قرار دیتے ہوئے عالمی مستقل ترقیاتی اہداف کے حصول کی کاوشوں کو مربوط اور تیز رفتار بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کرونا وبا، موسمیاتی تبدیلیوں، جیو پولیٹیکل تبدیلیوں کے باعث درپیش مختلف بحرانوں کا ذکر کیا۔ وزیر خارجہ نے جی ڈی آئی گروپ آف فرینڈز پر ترقی پذیر دنیا کو درپیش چیلنجز کے حل اور جی ڈی آئی گروپ آف فرینڈز پر عوامی صحت عامہ، مساوی ویکسین، تحفظ خوراک کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے جی ڈی آئی گروپ آف فرینڈز پر توانائی کی پیداوار بڑھانے، عالمی گرین اقتصادیات، تجارت، صنعتکاری کے فروغ اور ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمے پر بھی دباؤ ڈالا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا مختلف بحرانوں نے ترقی کے لئے فنانسنگ کے مواقع میں فاصلے پیدا کر دیئے ہیں، عالمی برادری ایس ڈی جیز کے لئے مناسب ذرائع کو فعال کرے۔ عالمی برادری موسمیاتی فنانسنگ میں کم از کم سو ارب ڈالرز سالانہ کی فراہمی کا وعدہ پورا کرے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کی چین کے ساتھ تمام موسموں میں آزمودہ تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مستحکم بنانے کے عزم کی تجدید کی۔ دریں اثناء جرمن وزیر خارجہ اینالینا بائیربوک نے بلاول بھٹو زرداری کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ پاکستان میں متعین جرمن سفیر بیرنہارڈ شیلاک ہیک نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ جرمن وزیر خارجہ اینالینا بائیربوک نے اپنے ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی اور پاکستان کے درمیان بہت مضبوط دوستی ہے۔ ہم پاکستان میں نئی قیادت کے ساتھ مل کر دوستی کو مضبوط تر بنانے کے خواہش مند ہیں۔