عمران ذہنی توازن کھو بیٹھے ، ملک کو دولخت کرنے کی شازش لگتی ہے ، زرداری 


اسلام آباد +کراچی( نمائندہ خصوصی+نیوز رپورٹر) سابق صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے قومی اداروں کے خلاف مہم کی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔ ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد عمران ذہنی توازن کھو چکے ہیں، احتساب سے بچنے کے لیے عمران خان قومی اداروں کے خلاف بھونڈی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران اب قومی اداروں پر حملہ آور ہو رہے ہیں، ہرزہ سرائی کے پیچھے کرپشن کیسز اور فارن فنڈنگ کیس کا خوف ہے، سزا سے بچنے کے لیے عمران خان قومی اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ اقتدار کے لالچ میں عمران خان جس نہج پر جا رہے ہیں وہ ملک کو پھر دولخت کرنے کی سازش لگتی ہے، جھوٹے سازشی بیانیے سے لوگوں کے جذبات بھڑکانے کی کوشش قابل مذمت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کا کرسی کے لیے نہ صرف ملک بلکہ قومی اداروں کا بھی نقصان کرنا برداشت نہیں کیا جائے گا، عمران خان کی انہی حرکتوں سے پونے 4 سال میں ملک آگے کی بجائے پیچھے گیا۔ آصف زرداری نے مزید کہا کہ عمران خان اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد بائولے پن کا شکار ہوکر نہ صرف فوج کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہے ہیں بلکہ وہ آئین کو پامال کرنے پر بھی تلا ہوا ہے، دوسروں کو غداری کے طعنے دینے والے عمران نیازی خود میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی کو دائو پر لگانے کی ناکام کوشش میں لگے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...