کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نازک مواقع پرملک کو بحرانوں سے نکال کر ہمیشہ تاریخی کردارادا کیا ہے آپریشن ردالفساد، وزیرستان آپریشن، بلوچستان و کراچی میں امن وامان کی بحالی اور افغانستان کے معاملات میں ان کا کردار مثالی رہا ہے جس سے انھوں نے قوم کا دل جیت لیا۔ ساری قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے جسے کوئی گمراہ نہیں کر سکتا۔ اداروں کی بے توقیری کرنے والے ملک وقوم کے خیرخواہ نہیں ہیں اوروہ اپنی سازشوں میں ناکام رہیں گے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کواداروں سے لڑانے کی سازش کرنے والے عناصراپنے مدموم مقاصد میں ناکام رہیں گے۔ فوج، آئی ایس آئی، رینجرز، پولیس اورملکی سلامتی کے تمام ادارے ہمارے محافظ ہیں اورانکی وجہ سے بائیس کروڑعوام چین کی نیند سوتے ہیں۔ یہ ادارے ملک کوبچانے کے لئے آئے دن اپنی جانوں کا نزرانہ دے رہے ہیں جس کا سب کوادارک ہے اورقوم انکی قرض دار ہے۔ ملک میں سوشل میڈیا کے ذریعے انارکی پھیلانا کسی کے مفاد میں نہیں ہے اوراگریہ سلسلہ نہ روکا گیا تو ان غیر ذمہ دار عناصر کے خلاف بھرپور قانونی کاروائی ضروری ہو جائیگی۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ پڑوسی ملک پاکستان کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے بھرپورکوششیں کررہا ہے اورایسے نازک مرحلے پرفوج کے خلاف سازشیں اور پروپیگنڈا قابل مذمت ہیں۔ حالیہ سیاسی وآئینی بحران میں فوجی قیادت نے غیر سیاسی رہ کر ملک کوانتشار سے بچا لیا جس پرکاروباری برادری جنرل قمرجاوید باجوہ کومبارکباد پیش کرتی ہے۔ بعض عناصرملک کومارشل لاء کی طرف دھکیل رہے تھے مگرفوجی قیادت نے واضح الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ ملک میں اب کبھی مارشل لاء نہیں لگے گا جس سے سازشی عناصرناکام ہوگئے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے مشکل وقت میں ملکی مفادات کے مطابق فیصلے کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔ میاں زاہد حسین نے مذید کہا کہ بعض شکست خوردہ عناصر نے فوج کوبدنام کرنے کی مہم شروع کررکھی ہے جبکہ ملک میں خانہ جنگی کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں مگرعوام کویقین ہے کہ فوج حالات پرقابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ فوجی قیادت کی دانشمندی قوم کوموجودہ بحران سے کامیابی سے نکال رہی ہے اورجلدعوام سکھ کا سانس لینگے۔