اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران انڈس موٹر کمپنی کے خالص منافع میں 42 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کمپنی کے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے جانے والے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق 31 مارچ 2022 ء کو ختم ہونے والی تیسری سہ ماہی میں آئی ایم سی کا بعداز ٹیکس نفع 5.1 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کیلئے کمپنی کو 3.6 ارب روپے بعداز ٹیکس آمدن ہوئی تھی۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران انڈس موٹر کمپنی کی خالص آمدن میں 1.5 ارب روپے یعنی 41.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں کمپنی کی فی حصص آمدنی بھی 45.98 روپے کے مقابلہ میں 65.11 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔ واضح رہے کہ آئی ایم سی نے اپنے حصہ داروں کیلئے ادا شدہ 64.5 روپے کے وسط مدتی ڈیوڈنڈ کے علاوہ 26 روپے فی حصص کے وسط مدتی کیش ڈیوڈنڈ کا اعلان کیا ہے۔