فارحہ ارشد اردو افسانے میں ایک نیا لیکن معتبر نام ہے۔ زیرِ تبصرہ کتاب ’’مونتاژ‘‘ ان کے افسانوں کا مجموعہ ہے جو 22 افسانوں پر مشتمل ہے، فارحہ ارشد کی کہانیاں مضبوط پلاٹ پر استوار جاندار کرداروں، خوبصورت مکالموں، منظر اور پس منظر سے کشید کردہ ماحول کی وجہ سے انتہائی پرتاثیر ہوتی ہیں ۔ وہ کہانی بیان کرنے کے ہنر سے بخوبی آشنا ہیں۔ جملوں کی ساخت اور لفظوں کی موزونیت ان کی مہارت کا بین ثبوت ہے۔ ’’مونتاژ‘‘ میں شامل افسانے ان کی فن پر گرفت کا پتا دیتے ہیں، معروف افسانہ نگار محمد حمید شاہد فارحہ ارشد کی افسانہ نگاری کے حوالے سے یوں روشنی ڈالتے ہیں۔ ’’میری نظر فارحہ ارشد کے افسانوں کی طرف جاتی رہی ہے تو اس کا ایک سبب اس کے ہاں برتی جانے والی فکشن کی زبان رہی ہے۔ صاف ستھری اور جذبے کی تانت کو اپنے اندر سہار کر چلنے والی زبان، پڑھتے ہوئے کہاں سانس لیں، کہاں دم بھر کر ٹھہر جائیں، کہاں اس تیزی سے آگے بڑھیں کہ سانس پھول جائے۔ یہ فارحہ کا تشکیل کردہ متن غیر محسوس قرینے سے خودبخود سجھاتا ہے۔‘‘ فارحہ ارشد کے کم و بیش تمام ا فسانے اپنے اندر قاری کے لیے دلچسپی کا تمام سامان رکھتے ہیں۔ میں بھی حمید شاہد کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہہ سکتا ہوں کہ ان کے افسانوں کو یقینی طور پر پذیرائی حاصل ہو گی کیوں کہ ان کی تحریر میں ایسی کشش موجود ہے کہ وہ قاری کو اپنی طرف کھینچ لے ۔166 صفحات کی اس کتاب کی قیمت 500/- روپے ہے اور یہ دستاویز مطبوعات ٹمپل روڈ لاہور سے مل سکتی ہے ( تبصرہ نگا ر۔ ایس اے خان )
’’مونتاژ‘‘ افسانے
May 10, 2022