مکرمی: میں چیئرمین سی ڈی اے کی توجہ اس امر کی طرف مبذول کروانا چاہتا ہوں کہ H-12‘ H-13 سیکٹر کو سروس روڈ کے ذریعے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے ملایا جائے تاکہ اس طرف کے رہنے والے شہریوں اور طالب علموں کو سری نگر شاہراہ پر واقع تین یوٹرنز کی بھول بھلیوں سے بچایا جائے۔ اس سروس روڈ کو اٹامک انرجی ہسپتال اور سبزی منڈی سے منسلک کر دیا جائے جس طرح G/10 سیکٹر کے اطراف میں سری نگر ہائی وے کے ساتھ ایک سروس روڈ سیکٹرز کے اندرونی ٹریفک کے دباؤ کو برداشت کرتی ہے۔ اس طرح اتوار بازار سے لے کر H-13 پیرس کالونی تک ایک سروس روڈ کی ضرورت ہے جو کہ اندرونی سطح پر ایچ سیکٹر کے مکینوں کے لیے محفوظ آمدورفت کا ذریعہ بن سکے اور سری نگر ہائی ویز کے غیر ضروری یوٹرن سے بچا جاسکے۔ کیونکہ تیز رفتاری کے باعث آئے دن سری نگر شاہراہ پر جان لیوا حادثات ہوتے رہتے ہیں ان س بچنے کے لیے ایچ سیکٹرز کے اطراف میں ایک مربوط سروس روڈ کا اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔(عبداللہ بن سہیل H-13 پیرس کالونی اسلام آباد)