وزیراعلیٰ سندھ کی مئی کے آخرتک کراچی میں اورنج لائن بسیں چلانے کی ہدایت

May 10, 2022 | 16:32

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مئی کے آخری ہفتے تک اورنگی ٹاؤن سے نارتھ ناظم آباد تک اورنج لائن مکمل کرنے اور اس پر بسیں چلانے کی ہدایت کردی۔کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت بی آر ٹیز سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن، مرتضیٰ وہاب ، چیف سیکریٹری سندھ کے علاوہ چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے بی آر ٹیز سے متعلق اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اورنج لائن کے کچھ سول ورکس رہتے ہیں، انفرا اسٹرکچر 95 فیصد مکمل ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ 20 بسوں کے لیے ایس آئی ڈی سی ایل کو ادائیگی کی جاچکی ہے، بی آر ٹی اورنج لائن 3اعشاریہ 8 کلومیٹر کا کوریڈور ہے،جس پر 5 بس اسٹیشنز ہیں۔وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے اجلاس کو بریفنگ میں دیتے ہوئے مزید بتایا کہ اورنج لائن کا کوریڈور اورنگی سے نارتھ ناظم آباد تک ہے، کوریڈور پر 8 گیٹ ہیں جو کچھ دنوں میں لگ جائیں گے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ مئی کے آخری ہفتے تک اورنج لائن مکمل ہونی چاہیے،اس مہینے کے اختتام پر اس پر بسیں چلنی چاہئیں۔

مزیدخبریں