غزہ‘ جدہ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) اسرائیلی طیاروں کی غزہ اور رفاہ پر بمباری سے 13 نہتے فلسطینی شہید جب کہ 20 زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے غزہ اور رفاہ کے علاقے لرز اٹھے۔ رہائشی عمارتوں پر حملہ کیا گیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے الزام لگاتے کہا فضائی حملوں میں فلسطینی اسلامی جہاد تحریک کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک نے اعلان کیا ہے کہ اس کے تین کمانڈر فضائی حملوں میں شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والوں کی شناخت سینئر کمانڈر جہاد الغنام، خلیل البہطینی، طارق عزالدین کے نام سے ہوئی ہے جب کہ تینوں رہنماؤں کی بیویاں اور کچھ بچے بھی شہید ہوئے۔ تحریک جہاد اسلامی نے ایک بیان میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ غزہ کی پٹی میں آج سکول بند اور تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ جہاد اسلامی کے اسیر رہنما خضر عدنان کی دوران حراست 87 روزہ بھوک ہڑتال کے بعد سے غزہ کی پٹی پر یکم مئی سے اب تک کم سے کم 20 راکٹ فائر کیے جا چکے ہیں۔ حماس اور جہاد اسلامی نے الگ الگ بیانات میں اسرائیل سے بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تل ابیب کو اپنے اس بزدل اقدام کی قیمت ادا کرنا ہو گی۔ شہداء میں 4 بچے بھی شامل ہیں۔ متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ اسرائیل نے اب غزہ میں طویل مدتی حملے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیلی فوج کے چیف آف سٹاف ہرزی حلیوی نے سکیورٹی جائزے کے لیے اعلیٰ فوجی اور انٹیلی جنس رہنماؤں کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں انہوں نے اسرائیلی حملے کے خلاف فلسطینی مزاحمتی گروپوں کے ممکنہ ردعمل پر تبادلہ خیال کیا۔ اسرائیلی قابض فوج نے اپنے بیان میں بتایا کہ میٹنگ میں مزاحمت کرنے والے فلسطینیوں کے خلاف ممکنہ پیش رفت اور اسرائیلی دفاعی فورسز کی تمام محاذوں پر تیاریوں اور اس کے ایکشن پلان پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دریں اثنا محصور غزہ میں لڑائی کئی دنوں تک جاری رہنے کی توقع کے باعث اسرائیلی حکومت نے قرب وجوار میں غیرقانونی اسرائیلی آبادیوں کو انخلا کا حکم دیا ہے۔ اسرائیلی اخبار نے یہ بھی بتایا کہ اسرائیل کے مرکز اور جنوب میں شہریوں کیلئے بم سے محفوظ پناہ گاہیں کھول دی گئی ہیں جبکہ ہسپتالوں کی انتظامیہ نے مریضوں کو محفوظ مقامات میں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔ او آئی سی نے غزہ میں قابض اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی وحشیانہ کارروائی عالمی قوانین‘ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ عالمی برادری فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ قابض اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔