گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )ڈیجیٹل مردم خانہ شماری کا مقررہ ہدف آئندہ 2روز میں حاصل کیا جائے، اسسٹنٹ کمشنرز مردم شماری افسران اور ٹیمیں مقررہ ہدف سے کم والے علاقوں پر بھر پور توجہ دیں،گندم خریداری کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے غیر قانونی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈائون مزید تیز کیا جائے جن سنٹرز پر باردانہ جاری کیا جا چکا وہاں پر کسانوں، آڑھتیوں، فلورملز سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کو پابند کریں کہ وہ باردانہ متعلقہ گندم خریداری مراکز انتظامیہ کے حوالے کریں ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کیا قبل ازیں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں گندم خریداری، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف جاری کریک ڈائون اور مردم خانہ شماری 2023 کی پیش رفت پر ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دی،ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک کی رپورٹ کے مطابق ضلع گوجرانوالہ کی آبادی 53لاکھ 28ہزار 9سو 46ہے جنہیں 3646بلاک میں تقسیم کیا گیا ہے اور 8لاکھ 31ہزار گھروں کی مردم شماری مکمل کی جا چکی ہے۔اسی طرح امسال گوجرانوالہ میں گندم کی خریداری کا ہدف 1لاکھ 98ہزار 37میٹرک ٹن مقرر کیا گیا تھا جس کے مطابق 1لاکھ 32ہزار4سو 63باردانہ جاری کیے جا چکے ہیں، مقررہ ہدف کا 50فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔اسی طرح ضلع وزیر آباد میں گندم کی خریداری کا ہدف 56ہزار 1سو11میٹرک ٹن گندم کا ہدف مقرر کیا گیا تھا اور 6ہزار2سو 51باردانہ جاری کیے گئے اس مقررہ ہدف کے مطابق ضلع وزیر آباد میں 98.88فیصد ہدف مکمل کر لیا گیا ہے،اجلاس میں نمائندہ محکمہ خوراک عبدالشکور،پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر بذریعہ ویڈیو لنک شریک تھے۔