لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پاکستان میں تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ ہو چکا ہے۔ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کے ڈھائی کروڑ سے زائد آؤٹ آف سکول بچوں کو خواندہ بنانے کا ہدف مکمل کرنا ہے۔ تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر گذشتہ حکومت کی طرح دلاسے نہیں دیں گے۔ پچھلے 76 سال کی تعلیمی محرومیوں کا ازالہ کریں گے اور پاکستان کو تعلیمی طور پر ایک مستحکم ملک بنائیں گے۔ گذشتہ روز مختلف اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کہا پنجاب میں ایجوکیشن ایمرجنسی کے تناظر میں اہم تعلیمی اصلاحات لا رہے ہیں۔ اس ضمن میں تمام افسران تعلیمی ریفارمز پر کام تیز کریں۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سربراہ مملکت نے تعلیم کی سرپرستی کا ذمہ لیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے خود شعبہ تعلیم اور ایجوکیشن ایمرجنسی کے تناظر میں اٹھائے جانیوالے اقدامات کی نگرانی کا عندیہ کیا ہے۔ یہ بہت بڑی بات ہے کہ کسی حکومت نے تعلیم کو اون کیا ہے وگرنہ ماضی میں اس شعبہ کے ساتھ یتیموں کا سا سلوک کیا جاتا رہا۔ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر پاکستان کو تعلیم کے بحران سے نکالیں گے۔ ہر بچے کو یکساں تعلیمی مواقع دیں گے اور پنجاب کے ایک کروڑ سے زائد آؤٹ آف سکول بچوں کی تعلیم کے چیلنج سے عہدہ برآء ہوں گے۔
پاکستان میں تعلیمی ایمرجنسی کانفاذ ،اصلاحات لا رہے ہیں:سکندر حیات
May 10, 2024