لاہور(نیوز رپورٹر) مسلم لیگ ن ہی پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائے گی اور جلد ہی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔ روز مرہ کی چیزیں سستی کرنے سے عوام کو بہترین ریلیف دیا جا رہا ہے اور سعودی عرب سے کاروباری معاملات ہونے پر ملک میں بہت جلد خوشحالی آئیگی۔ وہاڑی سے ملتان ڈبل سڑک ، موٹر وے سے لنک اور میڈیکل کالج وہاڑی کی عوام سے مسلم لیگ ن کی محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سستی روٹی سکیم سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کے دل جیت لئے ان باتوں کا اظہار تہمینہ دولتانہ نے مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر منیر احمد خان ڈاھا، سابقہ ایم این اے چوہدری نذیر احمد آرائیں، سید اجلال حیدر سے ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر منیر احمد خان ڈاھا نے میڈیکل کالج کے قیام کے حوالے سے کہا کہ میاں نواز شریف ،وزیر اعظم شہباز شریف اور تہمینہ دولتانہ نے وہاڑی کے طالبات کیلئے بہت بڑی خوشخبری دی ہے اور وہاڑی کی عوام بھی مسلم لیگ ن کیلئے ہر لمحہ حاضر ہے اور مسلم لیگ ن اور تہمینہ دولتانہ کیلئے جان و مال سے حاضر ہے۔ وہاڑی مسلم لیگ ن کا قلعہ تھا اور ہمیشہ رہیگا۔