لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل سانحہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین سانحہ قرار دیتی ہے اور عدلیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ بلا تاخیر سانحہ 9 مئی کے مجرمین کو سزا دی جائے اور بے گناہ لوگوں کو رہا کیا جائے۔ آج جمعۃ المبارک10 مئی کو پورے ملک میں یوم استحکام پاکستان منایا جائے گا۔ خطبات جمعہ میں علماء و مشائخ مذہبی قائدین پاکستان کی سلامتی و استحکام اور وحدت کیلئے پاک فوج اور قوم کے درمیان اتحاد کے عنوان پر خطبات جمعہ دیں گے اور 9 مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت کی جائے گی۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا عبد الحکیم اطہر، مولانا پیر خلیل ابراہیم، مولانا مفتی سید نسیم الاسلام، مولانا قاری مبشر رحیمی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔