لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر آج 10مئی بروز جمعہ گورنر ہاؤس لاہور میں شام 6بجے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ گزشتہ روز ٹھوکر نیاز بیگ پر لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب سید حسن مرتضیٰ، ترجمان چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بدر اور سردار حسن نواز خان نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر سردار حسن نواز کی جانب سے 3 کالے بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا۔ استقبال کے موقع پر نائب صدر چودھری اختر علی، احسن رضوی، عثمان اعوان، فضل شاہ، اعزاز الدین، پرنس فہد، خرم قیوم، فرحان حمید اور دیگر بھی موجود تھے۔ دریں اثنا گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے گورنر ہاؤس لاہور میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی نے گورنر پنجاب کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔ گورنر پنجاب نے ملک احمد خان کا بطور قائم مقام گورنر پنجاب معاملات احسن طریقے سے چلانے پر شکریہ ادا کیا۔
نامزد گورنر کا لاہور پہنچنے پر استقبال، بکروں کا صدقہ، آج حلف اٹھائیں گے
May 10, 2024