بیجنگ؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے سی پیک کے نئے مرحلے میں پانچ نئے کوریڈورز کا آغاز کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔ چائنہ میڈیا گروپ کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ چین کی 2700 ارب ڈالر کی برآمدات میں پاکستان کا حصہ محض تین ارب ڈالر ہے۔ پاکستانی حکومت کی خواہش ہے ہم اپنی بزنس کمیونٹی کو متحرک کرنا چاہتے ہیں۔ چین کے ساتھ برآمدات کو تین ارب ڈالر سے تیس ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے چینی کمپنیوں کی آمد خوش آئند اقدام ہے۔ احسن اقبال نے 9 مئی کے حوالے سے چین کے دارالحکومت بیجنگ سے خصوصی پیغام جاری کیا۔ اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ ایک سازش کا شاخسانہ تھا جس دن ریاست اور عوام کے رشتے کی حرمت پامال کئی گئی۔ شہریوں اور ریاست کے مابین فساد کو ہوا دی گئی۔ 9 مئی کی اندوہناک سازش کو پاکستان کے شہریوں اور ریاستی اداروں نے بے نقاب کر کے ناکام بنا دیا۔ کسی بھی معاشرے میں جمہوریت کے نام پر ریاست کی بنیاد کو کھوکھلا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ 9 مئی کے سازشی عناصر کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے تاکہ آئندہ کوئی ریاست کی حرمت کو پامال کرنے کی جسارت نہ کرے اور معاشرے میں انارکی پھیلانے سے باز رہے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پاور ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن میں مہارت رکھنے والی تین اعلیٰ چینی کمپنیوں سے ملاقات کی۔ ان کمپنیوں میں پاور چائنا، ٹی بی ای اے لمیٹڈ، اور الیکٹرک پاور پلاننگ اینڈ انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ (ای پی پی ای آئی) شامل ہیں۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں ہونے والی اس ملاقات میں احسن اقبال نے پاکستان میں پاور سیکٹر کو درپیش ٹرانسمیشن نقصانات سے چینی کمپنیوں کو آگاہ کیا اور انہیں تاکید کی کہ وہ تکنیکی اور اختراعی اقدامات لینے میں مدد فراہم کریں۔
چین کو برآمدات 30 ارب ڈالر تک بڑھائیں گے، نو مئی سازش تھی: احسن اقبال
May 10, 2024