لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس 9مئی کے واقعات میں 7ہزار 772نامعلوم ملزموں کی تاحال شناخت نہیں کر سکی۔سانحہ نو مئی میں جناح ہائوس حملے سمیت دہشتگردی کے چودہ مقدمات کے چالان مکمل کیے گئے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق دہشتگردی کے 14مقدمات میں نامزد ملزمان کی تعداد 1061تھی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق نامزد ملزمان میں سے 1058کو گرفتار کیا گیا ،2نامزد ملزمان کی گرفتاری زیر التواء رہی ،جلا ئوگھیرائو کے الزام میں 7ہزار 772افراد کو نامعلوم ملزمان قرار دیا گیا۔جناح ہائوس حملہ کے مرکزی مقدمہ میں 558ملزمان نامزد ہوئے ،مرکزی مقدمے کے تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، 1500نامعلوم ملزم تاحال گرفتار نہ ہو سکے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق جناح ہائوس حملے 64ملزمان پاک فوج کے حوالے کئے گئے، چالان دہشتگردی عدالت نمبر 1میں جمع کروایا گیا ،عدالت نے ملزمان کو 15مئی کے سمن جاری کر دئیے۔عسکری ٹاور حملے کا مقدمہ82نامزدملزمان کے خلاف درج ہوا۔78ملزمان کی شناخت پریڈ کروائی گئی ، 80کاچالان کیا گیا ،عسکری ٹاور حملہ کیس کا ٹرائل جاری ہے جس میں18مئی کیلئے ملزمان کو سمن جاری کیے گئے۔تھانہ شادمان حملہ کیس میں نامزد 48ملزمان گرفتار ہوئے،14ملزمان ڈسچارج کر دئیے گئے ، 34کا چالان کیا گیا،مقدمے کا ٹرائل جاری ہے ، 9 ملزمان کو چارج فریم کردیا گیاہے۔