اسلام آباد؍ مریدکے (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور شعیب شاہین کی قیادت میں پی ٹی آئی نے ریلی نکالی۔ پی ٹی آئی کی ریلی کراچی اور اسلام آباد سے نکالی گئی۔ پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو روک دیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں اور پولیس کے درمیان دھکم پیل ہوئی۔ بیرسٹر گوہر اور شعیب شاہین واپس پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچ گئے۔ پولیس نے پی ٹی آئی کی احتجاجی ریلی کو منتشر کر دیا۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ نو مئی کو یادگاروں کی بیحرمتی کی گئی جس کی بانی پی ٹی آئی نے مذمت کی۔ خواجہ آصف اس سسٹم کے بینیفشری ہیں۔ بات چیت کیلئے شرائط نہیں رکھی جاتیں، معافی نہیں منگوائی جاتی۔ ہم نے 180 سیٹیں جیتیں، 70 فیصد پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ساری باتیں سچ ثابت ہو رہی ہیں۔ ڈی آئی خان میں کہا کہ نو مئی کو ایک سال ہو گیا۔ ہم بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے چپ ہیں۔ اگر ہم بے قصور ہیں تو ہم سے معافی کون مانگے گا؟۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل کے باوجود مریدکے میں تحریک انصاف کی قیادت اعلان کے باوجود کوئی جلوس نہ نکال سکی۔