لاہور(نامہ نگار) لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آتشزدگی کے نتیجے میں امیگریشن سسٹم تباہ ہو گیا۔جس کی وجہ سے متعدد پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا، آگ کے باعث ہال میں دھواں بھر جانے سے بھگدڑ مچ گئی اور مسافر اپنی جانیں بچانے کے لئے بھاگ کھڑے ہوئے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایف آئی اے کے امیگریشن ہال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ کے باعث ہال میں دھواں بھر گیا جس کی وجہ سے مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی اور وہ جانیں بچانے کے لئے بھاگ کھڑے ہوئے۔آتشزدگی کی اطلاع ملنے کے بعد سول ایوی ایشن کا فائر فائٹر عملہ موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پا لیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔آگ کے بعد امیگریشن کا عمل مکمل طور پر روک دیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو بھی پریشانی اٹھانی پڑی۔امیگریشن سسٹم میں خرابی کی وجہ سے سری لنکن ایئر لائن کی پرواز کا رخ موڑ دیا اور لاہور سے جانے والی حج پرواز کو بھی روک لیا گیا۔ذرائع کے مطابق آتشزدگی میں دھویں کے باعث ایک خاتون بیہوش ہوئی اور ایک بچے کی طبیعت بھی خراب ہوئی۔جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور ائیرپورٹ پر امیگریشن کائونٹر میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لئے امیگریشن کائونٹر کو جلد فنکشنل کیا جائے۔لاہور ائیر پورٹ کے منیجرچوہدری نذیر احمد خان کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں مسافر اور ائیرپورٹ کی تمام تنصیبات مکمل طور پر محفوظ رہیں،مسافروں کوتمام سہولیات فراہم کردی گئیں ہیں ،امیگریشن سسٹم بھی جلد بحال ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مینول امیگریشن کے ذریعے پروازوں کی روانگی شروع کر دی گئی۔آتشزدگی سے متاثر ہونے والی پہلی حج پرواز کو بھی کچھ گھنٹوں کے بعد روانہ کر دی گیا۔
علامہ اقبال ایئرپورٹ امیگریشن کاونٹر میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کئی گھنٹے بند، 24 پروازیں منسوخ
May 10, 2024