لاہور( نوائے وقت رپورٹ)سانحہ 9 مئی پر سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے خصوصی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے ورغلانے پر اس دن شرپسند عناصر ریاست پر چڑھ دوڑے ۔ شہدا یادگاروں کی بے حرمتی کرنے کے ساتھ ملکی اور پرائیویٹ املاک کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا۔ ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان نفرت ، بغض ‘ عناد پیدا کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس گھناؤنی سازش کا حصہ بننے والے اور اس کے سرغناؤں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے۔ قومی ہم آہنگی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کی ہر سازش کو قوم ناکام بنائے گی۔ حمزہ شہباز نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاست کو جھوٹ ، پرا پیگنڈے اور نفرت سے آلودہ کرنے والے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو پائیں گے۔