9 مئی، ملوث عناصر کو سزا ملنی چاہئے، محسن نقوی: چینی باشندوں کیلئے نئی سکیورٹی فورس بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ9 مئی ایک سیاہ دن ہے جو کبھی بھی نہیں بھولے گا۔ واقعہ میں ملوث لوگوں کو سزائیں ملنی چاہئیں۔ گندم درآمد یا برآمد کرنے میں حکومت پنجاب کا کوئی عمل دخل نہیں تھا، خواہش ہے کہ گندم سکینڈل کی شفاف تحقیقات ہوں تا کہ حقائق قوم کے سامنے آئیں۔ اسلام آباد میں چائنیز کی سکیورٹی کے لئے نئی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے  اسلام آباد پولیس مارگلہ پیٹرول یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی آپر یشنز شہزاد بخاری  سمیت دیگر پولیس حکام  موجود تھے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فرینڈز آف پولیس سے ہاتھ ملایا اور ان سے گفتگو کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے موٹر سائیکل اور گھڑ سوار یونٹ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مارگلہ ٹریلز پٹرول یونٹ کے پولیس افسران سے ملاقات کی اور انہیں محنت سے فرائض ادا کرنے کی تلقین کی۔ وزیر داخلہ  نے کہا  60 پولیس افسران پر مشتمل فورس مارگلہ ٹریلز پر گشت کرے گی۔  وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مارگلہ ٹریلز کے علاقے میں موبائل سگنل کا مسئلہ  حل کرنے کے  لیے فوری اقدامات کی ہدایت دی، موبائل ٹاور لگانے کا جائزہ لیا جائے۔  انہوں نے کہا کہ 9 مئی ایک سیاہ دن ہے جو کبھی بھی نہیں بھولے گا۔ اس دن صبح سے ہی ہر اگلے لمحے ایسا پیغام  موصول ہورہا تھا کہ جیسے ملک پر حملہ ہوگیا ہو، 9 مئی کوئی معمولی واقعہ نہیں، اس میں شامل لوگوں کو سزائیں ملنی چاہئیں۔ اس دن تمام سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر اپنی افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑا ہونے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ9 مئی سے سبق سیکھ لیا کہ ایسے مواقع پر نرمی سے پیش نہیں آنا چاہیے۔  وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب میں 3 ہزار چائینز کے لئے 10 ہزار جوانوں پر مشتمل سپیشل پروٹیکشن یونٹ موجود ہے جبکہ اسلام آباد میں 7 ہزار چائنیز کے لئے چند جوان ہیں۔ چائنیز کی سکیورٹی کے لئے ہمیں نئی فورس تشکیل دینا پڑی تو گریز نہیں کریں گے، ہم نے اسلا م آباد میں موجود چائینز سمیت تمام غیر ملکیوں کی سکیورٹی کو 100 فیصد فول پروف بنانا ہے۔ گندم برآمد کے  حوالے سے سابق وزیراعظم بھی واضح کر چکے ہیں اس حوالے سے مجھ پر جو الزامات لگانے کی کوشش کرر ہے ہیں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ  رشوت لینے اور دینے والے دونوں جہنمی ہیں۔ آئی این پی کے مطابق چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ کے دورہ وزارت داخلہ کے موقع پر خیر مقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ  بشام واقعہ پاک چین دوستی پر حملہ تھا، ملوث عناصر کو ہر صورت عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے، پاکستان بھر  میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے نئے ایس او پیز بنائے گئے ہیں،  ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر کا خیرمقدم کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چینی سفیر کی ملاقات میں وزیر اعظم  کے دورہ چین کی تیاریوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ جبکہ پاکستان بھر میں چینی شہریوں کی سکیورٹی  اور بشام واقعہ پر ہونے والی پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی۔ چین کے سفیر نے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے پر محسن نقوی کو مبارکباد پیش کی۔  وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چین کے سفارت خانے کے اعلی حکام اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن