9 مئی پاکستان کی انا کا مسئلہ، خواجہ آصف: عدلیہ کیسز منطقی انجام تک پہنچائے، عطا تارڑ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ9مئی پاکستان کی انا کا مسئلہ ہے، ملوث افراد کا احتساب ہونا چاہیے۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو پتہ ہونا چاہیے کہ 9 مئی کے مقاصد کیا تھے اور اس کے سپانسر کون تھے؟، شہداء نے اس ملک کے دفاع کیلئے قربانیاں دیں۔9 مئی کے تانے بانے 2014 سے شروع ہوئے، 9 مئی کا دن ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس دن شہداء کے مجسموں کی بے حرمتی کی گئی اور یادگار شہداء کو نذر آتش کیا گیا۔ پی ٹی آئی نے ملک کو مالی بحران سے دوچار کیا، 2013ء میں جو سازش تیار ہوئی اس کا ہدف نواز شریف تھے، ان کی حکومت کے چار سال میں کوئی ایک کام بتا دیں جو انہوں نے کیا ہو، ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی کہا ہے کہ 2013ء کے دھرنے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری میں ناکامی پر 9 مئی کا واقعہ کیا گیا، نو مئی کے تمام کرداروں کو جانتے ہیں، تحریک انصاف نے آرمی چیف کی تقرری کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی، تحریک انصاف میں ہر کوئی اپنے گھر میں بیٹھ کر چیئرمین بنا ہوا ہے۔ وزیر دفاع کابینہ اجلاس میں شرکت کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جہاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہاکہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح طور پر کہا 9 مئی واقعات میں ملوث افراد معافی مانگیں۔ اب معافی مانگنا یا نا مانگنا بانی پی ٹی آئی کی مرضی ہے۔ البتہ بانی پی ٹی آئی کو معافی کی آفر موجود ہے۔ ’’ایبسولیوٹلی ناٹ، غلامی نا منظور‘‘ لیکن پھر امریکی سفیر ان سے جا کر مل رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ عدلیہ سے گزارش کی ہے کہ 9 مئی کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں، کیا امر مانع ہے کہ عدالتیں ان کیسز کو منطقی انجام تک نہیں پہنچا رہیں۔ 9 مئی کے کیسز میں شواہد موجود ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں، ان کے خلاف کسی نے مقدمہ درج کیوں نہیں کیا۔

ای پیپر دی نیشن