اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے عوامی اور سیاحتی روابط مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ملاقات کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ تجارت، معیشت، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پاک ازبک تعلقات صدیوں پرانے اور مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے بارٹر ٹریڈ، مقامی کرنسی کے استعمال، تجارتی تعلقات بہتر بنانے کیلئے دونوں ممالک میں بنک کھولنے کی تجاویز دیں۔ وزیر خارجہ بختیار سیدوف کا دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے، باہمی شراکت داری بہتر بنانے کیلئے روڈ میپ تیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے ایکشن پلان کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ راہداری سے دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ وزیر خارجہ نے ازبکستان کے صدر کی جانب سے صدر مملکت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ایوان صدر میں ازبکستان کے وزیرخارجہ بختیار سیدوف نے ملاقات کی ، ازبکستان کے وفد میں امور خارجہ کے فرسٹ ڈپٹی منسٹر، ڈپٹی منسٹر ٹرانسپورٹ، اعزازی قونصلر، پاکستان میں ازبکستان کے سفیر ودیگر شامل تھے ،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، سلیم مانڈوی والا اور نوید قمر موجود تھے ،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ازبکستان کے وزیرخارجہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔