جناح ہاؤس، گیلری کا دورہ، حملہ آوروں کو دہشت گردوں سے تربیت دلوائی گئی: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نئی تعمیر کردہ جناح گیلری کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جناح گیلری، بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر عدنان سلیم نے  مریم نواز شریف کو  بریفنگ دی اور بتایا کہ 9 مئی 2023 کے سیاہ دن قائد اعظم کی یادگار نادر و نایاب تصاویر اور ان سے وابستہ نوادرات کو بے دردی اور بے شرمی سے جلا دیا گیا۔ بابائے قوم کی یادوں کو محفوظ کرنے کیلئے جناح گیلری قائم کی گئی۔ جناح گیلری میں برصغیر میں اسلام کی آمد سے لے کر دو قومی نظریہ کی ترویج، تحریک پاکستان سے قیام پاکستان تک کے کٹھن مراحل اور قائد اعظم کی زندگی کے مختلف ادوار کی تصویری اور تحریری عکاسی کی گئی۔ یہ گیلری اپنی طرز کی پہلی عمارت ہے جہاں ایسے جامع انداز میں قائداعظم کی حیات اور تحریک پاکستان کو خوبصورتی سے محفوظ کیا گیا ہے۔ جناح گیلری تخریبی سوچ کے جواب میں تعمیری سوچ کی آئینہ دار ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے جناح گیلری میں قائداعظم کا پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات بھی دیکھیں۔ لائبریری کا بھی دورہ کیا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ جناح ہاؤس پہنچیں، جہاں انہیں بریف کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح ہاؤس کی شاندار عمارت قائداعظم محمد علی جناح نے 1943 میں خریدی۔ جناح ہاؤس کا قیام مسلح افواج کی قائداعظم سے والہانہ عقیدت کا مظہر ہے۔ 9 مئی کو شرپسندوں نے قائداعظم کی نشانیوں سمیت جناح ہاؤس کو نذر آتش کر دیا اور عمارت کو تباہ کر دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوختہ جناح ہاؤس کا معائنہ کیا اور تباہی و آتش زدگی کے نتائج دیکھ کر اظہار تاسف کیا۔ جناح ہاؤس کی دیواروں پر شرپسندوں کی بداعمالی کی کالک دیکھ کر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا۔ مریم نوازشریف نے کہاکہ پاک فوج کے صبر و تحمل کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاسی دہشت گردوں نے وحشیانہ تخریب کاری کر کے قوم کا سر شرم سے جھکا دیا۔ سانحہ 9 مئی کے قومی مجرموں کو عبرت ناک سزائیں ملنی چاہئیں۔ شہدائے وطن کی یادگاروں کی پامالی ہر محب وطن پاکستانی کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کیپٹن سلمان سرور شہید، قاضی جواد اکرم شہید، کیپٹن ضرغام فرید شہید، لفیٹننٹ سلمان کے والدین سے ملاقات کی۔  مریم نوازشریف نے شہید کی والدہ کو گلے لگا لیا۔ مریم نواز شریف نے غازی کرنل رضا زیدی سے بھی بات چیت کی۔ جناح ہاؤس میں موجود لوگوں کے پاکستان زندہ باد، قائداعظم زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے شہداء  کی یاد میں شمع روشن کی اور احتراماً خاموشی اختیار کی۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جناح ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں کہا  پچھلے سال 9مئی کو اسی جناح ہاؤس پر حملہ کیا گیا، جو تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ وہ کس طرح کا پاکستانی ہوگا، کتنا ظالم دل ہوگا جس نے جناح ہاؤس پر حملہ کیا۔ وطن سے محبت کرنے والے ایسے گھناؤنے حملے کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ کہتے ہیں دہشت گردوں کے سینوں میں دل نہیں ہوتا، جناح ہاؤس کی حالت کو دیکھ کر محسوس ہوا یہ سچ ہے۔ جناح ہاؤس اور دیگر تنصیبات پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے سینے میں واقعی دل نہیں ہے۔ ایسی مذموم حرکت کرنے والے کسی بھی طرح سیاسی لوگ نہیں ہوسکتے۔ دہشت گرد جماعت نے منظم طریقے سے 9مئی کو دہشت گردی کی۔ دہشت گرد جماعت کی ذہنیت ہے کہ جو چیز جمہوری عمل سے نہ مل پائے، اسے دہشت گردی کے ذریعے حاصل کیا جائے۔ عدلیہ اور میڈیا سے سوال ہے کہ 9مئی کے دہشت گردوں کو اب تک سزا کیوں نہیں ملی؟ جنہوں نے 9مئی کو دفاعی تنصیبات اور شہداء  کی یادگاروں پر حملہ کیا، ان کو ضمانت کیسے مل جاتی ہے۔ مجھ سے کہا جاتا ہے کہ 9مئی میں ملوث خواتین کو کیوں نہیں چھوڑتیں، ملک سے ایسی گھناؤنی حرکت کرنے والوں کو چھوڑنے والی میں کون ہوتی ہوں۔ یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم اس واقعہ میں شامل نہیں، آپ کے لوگوں نے، آپ کی فیملیز نے آپ کی کال پر لبیک کہا اور 9مئی کو دہشت گردی کی۔ 9مئی کے واقعہ کی 3چار ماہ پلاننگ کی گئی، ملوث افراد کو دہشت گردوں سے باقاعدہ ٹریننگ دلوائی گی۔ 9مئی کو سیاسی جماعت کا لبادہ اوڑھ کر جو دہشت گردی کی گئی وہ دہشت گرد بھی نہیں کرسکتا۔ شہداء  کی فیملیز سے ملکر آنکھوں میں آنسو آگئے کہ کیسے شہداء  کی یادگار جلائی گئی اور بے حرمتی کی گئی۔ 9مئی کو پوری قوم نے دہشت گردوں کے حملے ٹی وی پر دیکھے، یہ حملے قوم کے دلوں پر کیے گئے۔ پاکستان آرمی کی وردی کو ڈنڈوں پر لگا کر لہرایا گیا، تضحیک کی گئی۔ ہم سے کہا جاتا ہے کہ ان سے بات کریں، یہ دہشت گرد جماعت ہے، دہشت گردوں سے کیسے بات کریں۔ اللہ شہداء  کی فیملی کو اس دکھ کو جھیلنے کی ہمت دیں، پوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ ہمیشہ سوچتی ہوں کہ وہ کون سا جذبہ ہے جس کی بدولت لوگ اپنے بیٹے، بھائی اور شوہر ملک پر قربان کرنے کیلئے بھیج دیتے ہیں۔ جن دہشت گردوں نے پاکستان پر حملہ کیا ہے، کیا آپ نے کبھی ان میں ندامت دیکھی۔ 9مئی کے دہشت گردوں نے آج تک شہداء  کی فیملیز سے معافی نہیں مانگی۔ 9مئی کے دہشت گردوں نے جو بویا وہی کاٹ رہے ہیں، ان کو سزا مل کر رہے گی۔ پاک فوج نے محمد علی جناح کی یاد میں گیلری بنائی، اس پر ان کا پوری قوم کی طرف سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ مریم نواز شریف سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں یورپی یونین اور پنجاب حکومت کے مابین باہمی اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ مریم نواز شریف نے یورپی یونین کے جاری اور مجوزہ منصوبوں کو سراہا اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اقلیتوں، کمزور کمیونٹیز اور گروپس کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی یقینی بنانے کیلئے حکومتی پالیسی اور اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ پنجاب میں یورپی یونین کے اشتراک سے جاری ہیومین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر بات چیت کی گئی۔ یورپی ممالک کو برآمدات میں اضافہ اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈاکٹر رینا کیونکا کو چیف منسٹر پلانٹ فار پاکستان کی کامیاب مہم سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر رینا کیونکا نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مریم نواز شریف کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعلی نے کہاکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے یورپی یونین کے اشتراک کار کا خیر مقدم کریں گے۔ اقتصادی  تعاون کے فروغ سے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ ون ونڈو آپریشن کے تحت سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جارہی ہے۔ یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہاکہ یورپی یونین جی ایس پی پلس جیسے اقدامات کے ذریعے پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لئے پرعزم ہے۔ دوسری  جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہر ضلع میں سپیشل ایجوکیشن سنٹر آف ایکسی لینس بنانے کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ  کی زیر صدارت سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس میں پہلے فیز میں 14اضلاع میں سنٹر آف ایکسی لینس کے لئے 651ملین فنڈز کی منظوری دیدی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے فیز میں رواں سال 12 سپیشل ایجوکیشن سنٹرز کو مکمل ری ویمپ کیا جائے گا۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ بچوں کے لئے ان ڈوراور آؤٹ ڈور پلے ایریا بنایا جائے گا۔ سپیشل بچوں کے لئے انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مخصوص واش روم بنائے جائیں گے۔ بسوں میں ٹریکرز کے ذریعے بچوں کی آمدورفت کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ سپیشل ایجوکیشن کے سکولوں کا بجٹ سکول ایجوکیشن سے الگ کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خصوصی بچوں کیلئے تربیت یافتہ ٹیچنگ سٹاف بھرتی کرنے کا حکم دیا اور وزیر خزانہ کو سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مطلوبہ فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی۔ لاہور میں 26 کنال پر خصوصی بچوں کیلئے سنٹر آف ایکسی لینس بنایا جائے گا۔ حکومتی پالیسیوں کی بدولت پنجاب میں مہنگائی 36 فیصد سے کم ہوکر 17 فیصد پر آ گئی ہے۔ ماضی میں حکومت پیسے دے کر عوام کیلئے اشیاء  مہنگی کرتی رہی ہے۔ اجلاس میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا تعین کرنے کے لئے ایمیشن این ای لائزر کے لئے فنڈز کی منظوری دے دی۔ اپر مال پر کمشنر ہاؤس کے قیام کے لئے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ کمیٹی نے محکمہ مال کے سیٹلمنٹ اینڈ ری ہیبلی ٹیشن ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے فنڈز اور سی ٹی ڈی کو جدید سکیورٹی آلات کی خریداری کیلئے فنڈز کی منظور ی دیدی۔ کابینہ کمیٹی نے وزیر اعلیٰ روشن گھرانہ پروگرام کے لئے فنڈز کی منظوری دے دی جس کے تحت 100 یونٹ پروٹیکٹڈ صارفین کو سولر سسٹم دیا جائے گا۔  مریم نواز گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں سٹیٹ آف دی آرٹ کمپیوٹر لیب کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی۔ گاڑیوں کی ریٹرو ریفلکٹو نمبر پلیٹس کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پانچ ماہ میں نمبر پلیٹس کا بیک لاگ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ انٹرنیشنل انڈر گریجویٹ سکالرشپ اور لوکل سکالرشپ پروگرام کی منظوری دی گئی۔ چولستا ن میں 2500  قبل مسیح کے’’گنویری والہ‘‘ گاؤں آرکیالوجی ایکسی ویشن کیلئے 20 ملین کے فنڈز کی منظوری دے دی۔  نو مئی پر پیغام میں  مریم نواز شریف نے کہا کہ سیاست کی خاطر ملک و قوم کے وقار کو پامال کرنے والے کسی معافی کے مستحق نہیں ہوسکتے۔ قوم 9مئی کو بھولے گی نہ معاف کرے گی۔ 9مئی تاریخ کا سیاہ باب ہے، اقتدار پرستوں نے ہوس میں وہ کر ڈالا جو دشمن بھی نہ کرسکا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے 9مئی کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے منصوبہ سازوں کو کیفرکردار تک پہنچانا ضروری ہے۔ ہوس پرستوں نے قوم کی عزت و حرمت کی ریڈ لائن کراس کی۔ مریم نواز شریف نے گوارد میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خانیوال سے تعلق رکھنے والے7 افراد کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور وزیر اعلیٰ نے سرگودھا میں ڈرائیور کا رکشہ میں سوار لڑکی سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔

ای پیپر دی نیشن